news
English

پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہوگئے

اس گیم چینجر معاہدے سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے جب کہ سال 2023 تک جاری رہنے والے معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ہوگی

پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہوگئے فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

اس گیم چینجر معاہدے سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے جب کہ سال 2023 تک جاری رہنے والے معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ہوگی، 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پراڈکشن پی سی بی اور براڈکاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 3 سالہ معاہدے سے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے،  پی سی بی آئندہ 3 سال میں قومی مینز اور ویمنز کرکٹ کے فروغ پر 15 بلین روپے خرچ کرے گا، یہ رقم ہائی پرفارمنس سنٹرز میں سابق کرکٹرز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی خرچ ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے پر پی ٹی وی اور آئی میڈیا کیمونیکشن سروسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈکاسٹنگ ڈیل ہے۔

3 سالہ براڈکاسٹ معاہدے کو حتمی شکل دینے میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا اہم کردار رہا، احسان مانی گزشتہ 4 ماہ سے اس ڈیل پر کام کر رہے تھے، احسان مانی اس سے قبل آئی سی سی اور پی سی بی کو منافع بخش براڈکاسٹ ڈیل کرانے میں شہرت رکھتے ہیں، اس معاہدے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھارتی براڈکاسٹرز پر انحصار ختم ہوجائے گا، گزشتہ 3 سالہ براڈکاسٹ ڈیل سے پی سی بی کو 60 ملین امریکی ڈالر کی آمدن ہوئی تھی۔