news
English

ٹی 20 فزیکل فٹنس کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان  

کیمپ میں بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی،عمادوسیم، محمدعامر اور فخر زمان سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹی 20 فزیکل فٹنس کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان  

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹی 20 فزیکل فٹنس کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔ 
پی سی بی کے مطابق 29 کھلاڑی کیمپ کے لیے آج رپورٹ کریں گے جبکہ فٹنس کیمپ منگل سے کاکول اکیڈمی، ایبٹ آباد میں شروع ہوگا۔ مارچ 26 سے شروع ہونے والا کیمپ 8 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔ 
کیمپ میں بابراعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخرزمان،  صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ،  سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث، سلمان علی آغا، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد نواز، مہران ممتاز، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس آفریدی، حسن علی،محمد علی، زمان خان، وسیم جونئیر،عامر جمال، حارث رؤف اور محمد عامرشامل ہیں۔ 
پی سی بی، یہ فٹنس کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کررہا ہے جس میں ایک خاص حکمت عملی کے مطابق کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹس کے لیے تیار کیا جائے گا جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز اور امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ  آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 شامل ہے۔ 
کیمپ میں بنیادی توجہ ٹیم کی تیاری پر ہوگی اور اس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی طاقت کو بڑھانا ہےاور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین حالت میں ہوں۔ 
کیمپ میں تجربہ کارٹرینرز اور کوچز کی رہنمائی میں کھلاڑی ایک جامع پروگرام کے تحت ٹریننگ حاصل کریں گے جو ان کے فٹنس لیول، چستی، لیڈرشپ اور اسٹریٹجک سوچ اور میدان میں مجموعی کارکردگی کوبلند کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔