تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کرکٹرز کو دیے جانے والے سینٹرل کنٹریکٹ 30جون کو ختم ہوجائیں گے
لاہور: دوہ زمبابوے سے قبل سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست رواں ہفتے کے آخر میں مرتب کیے جانے کا امکان ہے چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بورڈ حکام کے ساتھ مشاورت کرینگےٹور کیلیے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے سے قبل انجرڈ کھلاڑیوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کرکٹرز کو دیے جانے والے سینٹرل کنٹریکٹ 30جون کو ختم ہوجائیں گے، یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے معاہدوں کیلیے حتمی فہرست تاحال مرتب نہیں کی گئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار کھلاڑیوں کی تعداد کم لیکن معاوضے زیادہ رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، رواں ہفتے کے آخر میں چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بورڈ حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کرینگے۔
دوسری جانب تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بائیکاٹ کی دھمکی دینے والے زمبابوین کرکٹرز کے تنازع کی وجہ سے ابھی تک سہ ملکی سیریز کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا البتہ پاکستانی کرکٹرز مختصر تربیتی کیمپ کیلیے لاہور میں اکٹھے ہورہے ہیں،اسکواڈ منتخب کرنے سے قبل چند کھلاڑیوں کی انجریز کا بھی جائزہ لیا جائے گا، بابر اعظم انگلینڈسے ٹیسٹ سیریز کے دوران بازو کے فریکچر کا شکار ہوئے تھے، رومان رئیس پی ایس ایل تھری کے ایک میچ میں گھٹنہ زمین سے ٹکرانے پر زخمی ہونے کے بعد اب تک میدان میں نہیں اترے، عماد وسیم بھی اسی ایونٹ کے دوران سر پر چوٹ لگنے کے بعد گھٹنے کی پرانی تکلیف کا شکار ہوئے، تینوں کو زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے زیر غور لانے کا فیصلہ فٹنس دیکھ کرکیا جائے گا،محمد عامر کو آرام دینے یا کھلانے کا فیصلہ بھی اہم ہوگا۔
یاسر شاہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں تو شریک نہیں ہونگے لیکن رواں سال کے اختتام پر یواے ای میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں انھیں حصہ لینا ہے، لیگ اسپنر کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔لاہور میں کھلاڑیوں کی 3روزہ ٹریننگ کے بعد منتخب ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی زمبابوے روانگی28جون کو ہوگی۔