news
English

پی سی بی چیئرمین پی ایس ایل کے میچزکوئٹہ میں کرانےکےخواہشمند

پی سی بی کے سربراہ نے یقین دلایا کہ پی سی بی ستمبر تک فلڈ لائٹس لگانے کا اپنا وعدہ پورا کرے گا اور اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کے بعد کوئٹہ میں پی ایس ایل کے میچز منعقد کرائے گا۔

پی سی بی چیئرمین پی ایس ایل کے میچزکوئٹہ میں کرانےکےخواہشمند

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل کے میچزکوئٹہ میں کرانے کی خواہش کا اظہار کردیا، کہتے ہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ اور انوار الحق کاکڑ کے ہو تے ہوئے کوئٹہ کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کرکٹ بورڈ کوئٹہ میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کروانے کے لئے بھی اقدامات کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفا قی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے کوئٹہ میں نیشنل اور انٹرنیشنل لیول کی کرکٹ کے لئے راہ ہموارہوگی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے ہو تے ہوئے کوئٹہ کو مزید نظر انداز نہیں کیاجاسکتا،پاکستان کرکٹ بورڈ کوئٹہ میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کروانے کے لئے بھی اقدامات کرے گا۔ 
گذشتہ روز وزیر اعلیٰ بلو چستان اور سینیٹر انوارالحق کاکڑ کے ہمراہ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفا قی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا، انہوں نے اس ملاقات کے بعد امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں کھیلوں کے میدانوں کو بہتر کرنے پربھی غورکیا گیا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں کرکٹ کے کھیل کو بحال کیا جائے گا کوئٹہ میں ہو نے والے آخری میچ میں بڑی تعداد میں شائقین کرکٹرز میچ دیکھنے کے لئے آئے تھے، ہم چاہتے ہیں گوادر اور کوئٹہ میں انٹرنیشنل کرکٹ آئے، پی سی بی نے بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نیشنل اور انٹر نیشنل لیول کے میچز ہو سکیں چند ماہ کے اندر بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگادی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کو مزید نظر انداز نہیں کیاجاسکتا پی ایس ایل کے میچز کوئٹہ میں کروانے کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے فیز میں لاہور، راولپنڈی اور کراچی کے اسٹیڈیمز کو بہتر کرنے جارہےہیں اس کے بعد دیگر شہروں کے اسٹیہڈیمز کو بھی اپ ڈیٹ کریں گے۔