news
English

سری لنکا میں کیسینو جانا پی سی بی آفیشلز کے گلے پڑگیا

کولمبو میں کیسینو جانے پر پی سی بی نے اپنے 2 افسران کو شوکازنوٹس جاری کردیئے۔

سری لنکا میں کیسینو جانا پی سی بی آفیشلز کے گلے پڑگیا

سری لنکا میں کیسینو جانا پی سی بی آفیشلز کے گلے پڑگیا۔ کولمبو میں کسینو جانے پرپی سی بی کے 2 افسران کو شوکازنوٹس جاری کردیئے گئے جبکہ جواب میں آفیشلز نے وضاحت کی ہے کہ وہ کھانا کھانے کی غرض سے گئے تھے، رات گئے ریسٹو رانٹ بند ہونے کی وجہ سے کھانے کیلئے انہوں نے مجبوراً کیسینو کا انتخاب کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے دو افسران کو کولمبو کے کیسینو میں جانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق شوکاز نوٹس کے جواب میں انہوں نے وضاحت کی کہ وہ کھانا کھانے گئے تھے، رات گئے ریسٹو رنٹ بند ہونے کی وجہ سے کھانے کے لئے انہیں مجبوراً کسینو کا انتخاب کرنا پڑا، کیونکہ حلال کھانا دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے دونوں نے کھانا نہیں کھایا تھا تاہم پی سی بی نے فوری طور پر ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
کولمبو کے کیسینو میں تین دن پہلے جنرل منیجر انٹرنیشنل عدنان علی اور حال ہی میں میڈیا کے شعبے کا چارج لینے والے عمر فاروق کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اس کے بعد چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے ان سے جواب طلب کیا تھا، دونوں ہر وقت کھلاڑیوں سے رابطے میں رہتے ہیں جبکہ پی سی بی چیئرمین ذکا اشرف اپنے اہل خانہ کے ساتھ آج کل کولمبو میں ہیں، ذرائع کے مطابق کارروائی کا فیصلہ وہی کریں گے۔