news
English

پی سی بی نے تنقید کے بعد نئی ویڈیو جاری کردی، سابق کپتان عمران خان شامل

پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر بنائی گئی ویڈیو میں عمران خان کو شامل نہ کرنے پر پی سی بی نے غلطی تسلیم کرلی۔

پی سی بی نے تنقید کے بعد نئی ویڈیو جاری کردی، سابق کپتان عمران خان شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 1992 کی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان کی تصاویر کے ساتھ نئی ویڈیو جاری کردی ہے جس میں عمران خان کی دو تصاویر اور ویڈیو کو شامل کیا گیا۔ پرانی ویڈیو سوشل میڈیا اکاونٹس سے ڈیلیٹ کردی گئی۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پی سی بی نے ورلڈ کپ 2023 تک ایک پروموشنل مہم شروع کی ہے اور اس سلسلے میں 14 اگست کو اپ لوڈ کی گئی ویڈیو لمبی ہونے کی وجہ سے مختصر کردی گئی تھی جس کے باعث کچھ اہم کلپس غائب ہوگئے تاہم اب ویڈیو کو مکمل ورژن میں درست کرکے دوبارہ پوسٹ کیا گیا ہے۔ 
 
یاد رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر ہوئی تھی جس میں 1952 سے لے کر موجودہ وقت تک پاکستان کی کرکٹ میں کامیابیوں اور یادگار لمحات کو دکھایا گیا تھا۔ 
اس ویڈیو میں 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی تصویری جھلکیاں موجود تھیں مگر ٹیم کے کپتان عمران خان کو نہیں دکھایا گیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پی سی بی پر سخت تنقید کی جارہی تھی۔ 
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن عمران خان کے بغیر پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر بنائی گئی یہ ویڈیو نامکمل ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ویڈیو میں عمران خان کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
گذشتہ روز سوئنگ کے سلطان اور 92 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اہم کھلاڑی وسیم اکرم نے بھی اس ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے پی سی بی کو اپنی غلطی درست کرنے کا کہا تھا۔