news
English

پراجیکٹس اورتقرریاں: وزیراعظم سے منظوری لینےکے لئے فہرست تیار

وزیراعظم سے پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس کی فروخت، ٹی10 لیگ اور نمائشی میچز کی اجازت طلب کی گئی ہے

پراجیکٹس اورتقرریاں: وزیراعظم سے منظوری لینےکے لئے فہرست تیار

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پراجیکٹس اور تقرریوں کی وزیراعظم سے منظوری لینے کے لیے فہرست تیار کرلی۔ 
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں حکومت نے پی سی بی کو پی ایس ایل میڈیا رائٹس سمیت دیگر ٹینڈرز سے روکتے ہوئے اہم فیصلوں کی منظوری کے لیے وزیراعظم سے اجازت لینے کا کہا تھا،اس سے تمام معاملات تعطل کا شکار ہوگئے۔
مینجمنٹ کمیٹی کو صرف روز مرہ کے امور تک محدود رکھنے سے پہلے کیے گئے بعض فیصلوں پر بھی شکوک ظاہر کیے جانے لگے،اس پر بورڈ کے تمام ڈائریکٹرز سے کہا گیا کہ وہ جلد از جلد اپنے تمام منصوبوں سے آگاہ کریں تاکہ ان کی منظوری لی جا سکے،ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے اپنے تمام موجودہ اورمستقبل کے اہم پراجیکٹس کی فہرست بنالی ہے جسے جمعرات کو وزیراعظم کی منظوری کے لیے بھیجا جاسکتا ہے،پی ایس ایل کے حوالے سے کہا گیا کہ ایونٹ قریب ہے اس لیے اس بارے میں جلد از جلد فیصلہ کیا جائے اور جلد از جلد میڈیا رائٹس فروخت کرنے چاہئیں تاکہ بورڈ کو مناسب رقم مل سکے، ٹی ٹین لیگ اور اس سے قبل نمائشی میچز کی بھی اجازت طلب کی گئی ہے، اس طرح کے بعض دیگر بڑے اور عام پراجیکٹس بھی فہرست میں شامل ہیں، ذرائع نے بتایا کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے ساتھ بورڈ 2،3 سال کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ 
اسی طرح وہاب ریاض کی بطور چیف سلیکٹر تقرری کو بھی مستقل کرنے کے لیے سرپرست اعلیٰ سے پوچھا جائے گا، دیگر بڑی تقرریوں کی بھی تفصیل لکھی گئی ہے البتہ چھوٹے لیول کی تقرریوں کو روزمرہ کے امور میں ہی گردانا گیاہے۔ 
ذرائع نے بتایا کہ تمام منصوبوں کی تفصیلات کے ساتھ لاگت بھی تحریر کر دی گئی ہے، اسی طرح آفیشلز کی تنخواہیں بھی لکھی گئی ہیں،وزیر اعظم نے جس کی منظوری دی ان پراجیکٹس پر مزید کام ہوگا جبکہ دیگر کو روک دیا جائے گا۔ 
اگر کسی تقرری کی مخالفت ہوئی تو اسے بھی ختم کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ اس پریکٹس کا ایک فائدہ یہ ہو گا کہ اگر بورڈ میں کوئی تبدیلی ہوئی تو نئے حکام بھی پیٹرن سے منظورشدہ پراجیکٹس اور تقرریوں کو برقرار رکھنے کے پابند ہوں گے۔