news
English

قومی ٹیم کےکوچز کے معاملے میں بھی ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا

بیشتر کوچز آئی پی ایل میں مصروفیت کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں، اس کے باوجود بورڈ آئندہ ہفتے کسی مثبت پیش رفت کے حوالے سے پْرامید ہے۔

قومی ٹیم کےکوچز کے معاملے میں بھی ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کے معاملے میں بھی ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا جب کہ سربراہ غیرملکی دیگر پاکستانی ہوں گے۔ 
دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی بدترین شکستوں کے بعد بورڈ نے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کو فارغ کر دیا تھا، اب نئے کوچ کی تلاش جاری ہے، اس حوالے سے ہائبرڈ ماڈل پر عمل ہوگا، چیئرمین محسن نقوی غیرملکی ہیڈ کوچ کا تقرر چاہتے ہیں، البتہ اس کے معاونین پاکستانی ہی ہوں گے۔ 
پی سی بی کو کوچ کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے، سابق آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن کے ساتھ 2 ملین ڈالرز سالانہ پر معاملات طے ہوتے دکھائی دے رہے تھے، مگر محسن نقوی کے مطابق تفصیلات میڈیا پر آنے سے ڈیل فائنل نہیں ہوسکی۔ 
 ذرائع نے بتایا کہ بورڈ نے سابق انگلش کوچ اینڈی فلاورسے بھی رابطہ کیا مگر انھوں نے انکار کردیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جتوانے والے مائیک ہیسن نے بھی دلچسپی نہیں دکھائی، ڈیرن سیمی کا ویسٹ انڈین بورڈ کے ساتھ معاہدہ ہے لہذا وہ دستیاب نہیں تھے، سابق آسٹریلوی کرکٹر سائمن کیٹچ بھی معذرت کرنے والوں میں شامل ہیں، جسٹن لینگر سے بھی بات چیت ہوئی مگر تاحال مثبت جواب نہیں ملا۔ 
دلچسپ بات یہ ہے کہ حکام اپنے سابق اسٹارز کو ٹاپ پوزیشن پر نہیں لانا چاہتے، انگلینڈ میں مقیم اظہرمحمود اور ثقلین مشتاق کے قریبی ذرائع نے رابطہ نہ ہونے کی تصدیق کردی، ماضی میں ٹیم کے ساتھ منسلک رہنے والے میتھیو ہیڈن سے بھی بورڈ کی بات ہوئی ہے۔ 
ذرائع نے بتایا کہ بیشتر کوچز آئی پی ایل میں مصروفیت کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں، اس کے باوجود بورڈ آئندہ ہفتے کسی مثبت پیش رفت کے حوالے سے پْرامید ہے۔