news
English

پی سی بی کے سی او او کی تقرری مشکلات کا شکار

محسن نقوی کی وزیر داخلہ کے عہدے پر ترقی نے پی سی بی کے اندر ایک قابل افسر کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے وعدوں کو بڑھا دیا ہے جو اہم فیصلے کرنے کے قابل ہو۔

پی سی بی کے سی او او کی تقرری مشکلات کا شکار

پی سی بی میں نئے چیف آپریٹنگ آفیسر( سی او او) کی تقرری کا معاملہ مشکلات کا شکار ہوگیا۔ سہیل اشرف کو پی سی بی یا سی ڈی اے میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق 
محسن نقوی نے چیئرمین بننے پر پی سی بی کے لیے پنجاب حکومت سے 3 افسران کی خدمات 2 سالہ ڈیپوٹیشن پر حاصل کی تھیں، ان میں سے 2 تو مختلف ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں مگر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو تاحال ریلیز نہیں کیا گیا، بعض اعلیٰ شخصیات سے اختلافات اس کی وجہ بنے تھے البتہ اب برف پگھلنے لگی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے آفیسر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو جلد پنجاب حکومت سے ریلیز کیا جا سکتا ہے، البتہ ان کا پی سی بی  میں آنا ففٹی ففٹی ہوگا کیونکہ انہیں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد کی سربراہی سونپنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ 
سہیل اشرف کو سلمان نصیر کی جگہ چیف آپریٹنگ آفیسر بنانے کا ارادہ تھا جنھیں کوئی اور ذمہ داری سونپی جاتی، البتہ اگر آئین میں تبدیلی ہوئی تو سہیل اشرف سی ای او بھی بن سکتے تھے، البتہ اب اس حوالے سے چند روز میں کوئی فیصلہ سامنے آئے گا۔  
وزیر داخلہ بننے کے بعد محسن نقوی کی مصروفیات بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں، ایسے میں پی سی بی میں ایک ایسے افسر کی شدت سے ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جو اہم فیصلے کرنے کا مجاز ہو، نئے چیئرمین نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بورڈ میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا، مگر اب تک صرف چند انہی بڑے افسران کو فارغ کیا گیا جنھیں سابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ملازمت پر فائز کیا تھا، البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر شعبوں میں بھی مناسب وقت پر تبدیلی کی جائے گی۔