news
English

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی PHOTO: AFP

پی ایس ایل کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ 

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم کامران پہلے ہی اوور میں محمد عرفان کا شکار بن گئے، وہ صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ ملان اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، ملان 38 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی وہ 52 رنز پر جنید خان کا شکار بنے۔ لیام ڈاسن نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

کیرن پولارڈ نے تیزرفتار اننگز کھیلتے ہوئے 10 گیندوں پر 25 رنز بٹورے، ان کی اننگز میں 4 چھکے شامل تھے جس کے بعد وہ جنید خان کی گیند پر بونڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور ڈینئل کرسچن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو جیمز ونس اور عمر صدیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ونس اس بار دوسری ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر حسن علی کا شکار بن گئے جب کہ عمر صدیق نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

جانسن چارلز نے 33 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، امام الحق نے شاندار کیچ تھام کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا جب کہ ڈینئل کرسچن نے بھی 17 رنز کی اننگز کھیلی اور ڈیوڈ ملان نے شاندار کیچ تھام کر ان کی اننگزکا خاتمہ کیا۔

 

حیران کن طور پر ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک 24 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں کوئی بھی باؤنڈری شامل نہیں تھی جب کہ شاہد آفریدی بھی 11 گیندوں پر 14 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے اور حماد اعظم کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

 

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 4، سمین گل، عمید آصف، ڈیوڈ ملان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔