news
English

گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کو شکست دے کرایونٹ میں جیت کی ہیٹرک کرلی

ایونٹ میں اب تک کی ناقابل شکست کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 161 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کرتے ہوئے جیت کی ہیٹرک مکمل کرلی

گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کو شکست دے کرایونٹ میں جیت کی ہیٹرک کرلی PHOTO: PCB

پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ایونٹ میں اب تک کی ناقابل شکست کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 161 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کرتے ہوئے جیت کی ہیٹرک مکمل کرلی، اوپنر شین واٹسن نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 40 گیندوں پر 61 رنز کی باری کھیلی اور ٹیم کے لیے جیت کی راہ ہموار کی ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے جب کہ روسو نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا وہ ناٹ آؤٹ رہے، عمراکمل نے 17 رنز کی باری کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عرفان اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور فلیڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے سلطانز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، سلطانز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، کپتان شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے صرف 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے جب کہ جیمز ونسے 28، شان مسعود 18،ایون 10،کرسٹیچئن اور اینڈرے رسل 18،18، شاہد آفریدی صفر، نعمان علی 2، علی شفیق اور شکیل انصر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عرفان جونیئر اور غلام مدثر نے 2،2 جب کہ سہیل تنویر، محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز حکمرانی برقرار رکھنے کے خواہاں

ایونٹ میں دونوں ٹیمیں آج اپنا تیسرا میچ تھا، گلیڈی ایٹرز اب تک ناقابل شکست ہے جب کہ سلطانز نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور اسے 2 میچوں میں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔