news
English

ٹی20 ورلڈ کپ : نیوزی لینڈ، یوگنڈا سے جیت کربھی ٹورنامنٹ سے باہر

میگا ایونٹ کا فائنل میچ 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

ٹی20 ورلڈ کپ : نیوزی لینڈ، یوگنڈا سے جیت کربھی ٹورنامنٹ سے باہر

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر میدان بدر کردیا، مگر ٹیم بلیک کیپس سپرایٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹاروبا کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ کے 32 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کا 40 رنز کا ہدف چھٹے اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر فن ایلن 9 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے تاہم ڈیون کونوے اور راچن رویندرا کی شراکت داری نے آسان ہدف چھٹے اوور میں حاصل کرلیا، دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 22 اور ایک رنز اسکور کیے جب کہ یوگنڈا کی جانب سے ریاضت علی شاہ اوپنر فن ایلن کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ یوگنڈا کی پوری ٹیم صرف 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 4 بلے باز کوئی رن اسکور نہ کرسکے۔ 
اوپنر رونک پٹیل نے 2، کینیتھ وائیسوا 11، ریاضت علی شاہ 2، دنیش نکرانی 4، فریڈ ایشلم 9 اور کوسمس کیووٹا 1 بنا کر پویلین لوٹے جب کہ بیٹر سیمون سیسازی، روبنسن اوبویا، الپیش رامجانی اور جوما میاگی کھاتہ نہ کھول سکے اور کپتان برائن مسابا 3 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوتھی نے بہترین بالنگ کی اور چار اوورز میں صرف 4 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے، اسی طرح ٹرینٹ بولٹ نے بھی صرف 7 رنز کے عوض 2 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسپنر مچل سینٹنر 2، راچن رویندرانے 2 اور لوکی فرگوسن نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ گروپ سی سے افغانستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لئے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔