اس میچ کی منسوخی نے سری لنکا کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں جانے کے امکانات پر پانی پھیر دیا ہے۔
فلوریڈا میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا اور نیپال کے درمیان ہونے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 23 ویں میچ میں ابر کرم خوب جم کے برسا جس کے باعث سری لنکا اور نیپال کا میچ منسوخ کردیا گیا۔
میگا ایونٹ کے گروپ ڈی کی سری لنکا اور نیپال کے درمیان فلوریڈا میں ہونے والے میچ میں ٹاس بھی نہ ہوسکا۔
امپائر نے مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کو منسوخ کر دیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
سری لنکا کا یہ تیسرا میچ تھا جسے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، نیپال کا میگا ایونٹ میں یہ دوسرا مقابلہ تھا اور وہ بھی اپنے ابتدائی میچ میں ہار چکی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا اور نیپال کے درمیان میچ کی منسوخی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پرصورتحال دلچسپ ہوگئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے حکام نے طوفانی بارش اور سیلاب کی وارننگ کے بعد کھیل کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا جب لاڈرہل، فلوریڈا میں آئی سی سی مینز 20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ کی میزبانی ہونی تھی۔
مختصر فارمیٹ کے کھیل کے لیے بڑھتی ہوئی امید کے باوجود، مسلسل بارش نے سنٹرل بروورڈ ریجنل پارک کے گراؤنڈ اسٹاف کی پچ تیار کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
میچ کی منسوخی نے سری لنکا کے 20 ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں جانے کے امکانات پر پانی پھیر دیا ہے اور گروپ ڈی میں نیپال کے آگے بڑھنے کے راستے کو بھی پیچیدہ بنا دیا ہے۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک جیت کے بغیر رہیں۔
نیپال کی توجہ جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے لازمی جیتنے والے میچ پر مرکوز ہے، جس نے پہلے ہی اگلے راؤنڈ میں اپنی جگہ محفوظ کرلی ہے۔ دریں اثناء سری لنکا کا مقابلہ 17 جون کو اپنے آخری گروپ میچ میں نیدرلینڈز سے ہوگا۔ جس میں جیت کر بھی سری لنکا کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ سری لنکن ٹیم میگا ایونٹ کے اگلے مراحل سے باہر ہوچکی ہے۔