news
English

مصباح الحق کے کوچنگ کیریئر کی بنیاد رکھ دی گئی

کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ کے بعد 22اگست سے نیٹ پریکٹس اور فیلڈنگ سیشنز ہوں گے

مصباح الحق کے کوچنگ کیریئر کی بنیاد رکھ دی گئی PHOTO: AFP

مصباح الحق کے کوچنگ کیریئر کی بنیاد رکھ دی گئی، سابق کپتان قومی کرکٹرز کے کنڈیشننگ کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

پی سی بی نے 20 قومی کرکٹرز کو پری سیزن کیمپ میں شرکت کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا ہے، کھلاڑی 19 اگست کو رپورٹ کرینگے،اگلے 2 روز تک فٹنس ٹیسٹ جاری رہیں گے، بعد ازاں 22 اگست سے 7 ستمبر تک کنڈیشننگ کیمپ جاری رہے گا۔

مکی آرتھر اور معاونین کی چھٹی کرائے جانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی عدم موجودگی میں سابق کپتان مصباح الحق این سی اے کوچز کے ہمراہ کرکٹرز کیلیے ٹریننگ پروگرام ترتریب دینگے، کیمپ کے دوران کھلاڑی نیٹ پریکٹس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ سیشنز بھی کرینگے، فٹنس میں بہتری لانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق کیمپ کے انعقاد کا مقصد قومی کھلاڑیوں کو آئندہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سیزن کیلیے تیار کرنا ہے، ڈومیسٹک سیزن کا آغاز 12 ستمبر کو قائد اعظم ٹرافی سے ہوگا، قومی کرکٹرز کی آئندہ مصروفیات میں 31 فرسٹ کلاس میچز، قومی ٹی ٹوئنٹی اور پاکستان ون ڈے کپ اور ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل 6 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی مقابلے شامل ہیں۔

کیمپ کیلیے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل سرفراز احمد، عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ کو کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔

اس بار سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل آصف علی، بلال آصف، افتخار احمد، میر حمزہ، راحت علی اور ظفر گوہر کو بھی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بابراعظم، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عباس اور محمد عامر کو کاؤنٹی کرکٹ میں مصروفیات باعث کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے، پانچوں کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے آغاز سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے، اظہر علی انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ سے معاہدہ مکمل کرنے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سیزن کے آغاز سے قبل یہ کنڈیشننگ کیمپ خاص اہمیت کا حامل ہے، پاکستان ٹیم کو بین الاقوامی کرکٹ کے آئندہ 42 میں سے 30 روز ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے، طویل فارمیٹ کے میچز کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کیلیے پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح کا تجربہ کھلاڑیوں کیلیے مفید ثابت ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچز میں بہترین کرکٹ کا مظاہرہ دیکھنا چاہتے ہیں، آئی لینڈرز کیساتھ مقابلہ کرنے سے قبل کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں بھی مسابقتی کرکٹ کھیلنا ہے، کیمپ تیاریوں کیلیے معاون ثابت ہوگا۔

ذاکر خان نے کہا کہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف 5 کھلاڑیوں کو کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے تاہم قائداعظم ٹرافی میں ان کی شرکت لازمی ہوگی۔