کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے
پی ایس ایل 5 کے پروڈکشن اخراجات کی ذمہ داری بورڈ نے فرنچائزز پر ڈال دی، اسی کے ساتھ براڈکاسٹ کا ریونیو شیئر 80سے بڑھا کر95 فیصد کر دیا گیا۔
کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل ملک میں جتنے میچز ہوتے تھے ان کی ٹی وی پروڈکشن کے اخراجات پی سی بی ہی برداشت کرتا تھا، مگر اس بار صورتحال مختلف ہے اور فرنچائزز کو ہی مکمل رقم ادا کرنا ہوگی۔ البتہ براڈ کاسٹ آمدنی میں سے95 فیصد حصہ ٹیموں کو ہی ملے گا، پہلے یہ شیئر 80 فیصد ہوتا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ بعض فرنچائزز اس فیصلے سے خوش نہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ80 فیصد پروڈکشن اخراجات ان سے لیے جائیں اور باقی بورڈ ادا کرے،اس حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری اور امکان ہے کہ جلد کسی فارمولے پر اتفاق کر لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ تین سالہ براڈ کاسٹ ڈیل 36 ملین ڈالر کے عوض ہوئی تھی۔
دوسری جانب پی سی بی نے پی ایس ایل کے پروجیکٹ ایگزیکٹیو کا اشتہار جاری کر دیا، گذشتہ برس نائلہ بھٹی کے مستعفی ہونے پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کی پوسٹ خالی ہوئی تھی، کسی سربراہ کی عدم موجودگی کے سبب پی ایس ایل فرنچائزز اوربورڈ میں دوریاں بڑھ گئی تھیں۔
امیدوار کیلیے کم از کم بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلر ڈگری کا حامل ہونا اور کام کا 7سالہ تجربہ لازمی ہے۔ اسپورٹس ٹیموں/فرنچائزز میں بڑی پوزیشنز پر کام کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی،اسے اسپورٹس لیگز اور گورننگ باڈیز میں کام کا تجربہ بھی ہونا چاہیے، پروجیکٹ ایگزیکٹیو لیگ کے تمام معاملات دیکھے گا۔