news
English

پی ایس ایل 5؛ پلے آف میچز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

ایونٹ کے آغاز سے ایک روز قبل متعلقہ ادارے اسٹیڈیم کو سخت حفاظتی حصار میں لے لیں گے

پی ایس ایل 5؛ پلے آف میچز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں فوٹو: پی سی بی

کراچی: پی ایس ایل 5کے پلے آف میچز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جب کہ نیشنل اسٹیڈیم میں عملہ سپورٹنگ پچز بنانے کیلیے سرگرم ہے۔

پی ایس ایل 5کے کورونا کی وجہ سے ملتوی شدہ میچز اب رواں ماہ کراچی میں ہونا ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول مقابلوں کے لیے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، عملہ سپورٹنگ پچز بنانے کیلیے سرگرم ہے جہاں بیٹسمینوں کا راج ہوگا، روایتی طور پر اسپنرز کو بھی  مدد ملے گی۔

دوسری جانب اطراف میں پریکٹس ٹریکس کی تیاری بھی حتمی مراحل میں داخل ہوگئی،کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے میچز بند دروازوں کے پیچھے ہوں گے، مرکزی عمارت کے مختلف حصوں میں صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے، بڑے پینا فلیکس لگائے جارہے ہیں، چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ایونٹ کے آغاز سے ایک روز قبل متعلقہ ادارے اسٹیڈیم کو سخت حفاظتی حصار میں لے لیں گے،دوسری جانب میچز کے لیے شہر کو سجانے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا،کراچی کے مرکزی چوراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر بھی آویزاں نہیں کی گئیں، چراغاں بھی نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ایسا اہتمام کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے، شہریوں کی بڑی تعداد ان مقامات پر آ کر جمع ہوتی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور کمشنر کراچی کی دوہری ذمہ داریاں سنبھالنے والے افتخار شلوانی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ہیں، ان کے ترکی میں ہونے کی وجہ سے کمیٹی کا اجلاس بھی نہیں ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 نومبر کو ان کی وطن واپسی پر اہلیان شہر کی جانب سے ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلیے استقبالیہ تقریب کا امکان ہے۔