news
English

پی ایس ایل 9: پاکستان کرکٹ بورڈ تاحال واجبات کا منتظر

پی ایس ایل میں شامل ٹیم مالکان نے پی سی بی کی لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کے استعفے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پی ایس ایل 9: پاکستان کرکٹ بورڈ تاحال واجبات کا منتظر

پی ایس ایل کے ورکنگ گروپ کی میٹنگ ہفتے کےروز لاہور میں ہوگی تاہم پی سی بی ابھی تک بعض اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کا منتظر ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل ورکنگ گروپ کی میٹنگ میں سپرلیگ کے نویں ایڈیشن کے معاملات، اکائونٹس اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی، ہفتے کےروز لاہور میں فرنچائز مالکان اور دیگر آفیشلز بیٹھک لگائیں گے،پی ایس ایل میں شامل فرنچائزز کو معاہدے کے مطابق آمدنی کا 50 فیصد 5 مئی تک پی سی بی کو دینا ہے لیکن تاحال حسابات ہی فائنل نہیں ہوسکے جبکہ بعض اہم اسٹیک ہولڈرز نے ادائیگیاں ہی نہیں کی ہیں، میٹنگ میں سی او او سلمان نصیر سمیت دیگر آفیشلز شریک ہوں گے، تیار کردہ سفارشات پر بعد میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرصدارت گورننگ کونسل میٹنگ میں بات چیت ہوگی۔ 
 
دوسری جانب لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کے استعفے پر کئی ٹیم مالکان نے مایوسی کا اظہار کیا ہے، وہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے بعض واقعات سے سخت دلبرداشتہ تھیں،انھیں یہ بھی لگتا تھا کہ لیگ کے معاملات کو اہمیت نہیں دی جا رہی، نئی انتظامیہ کے آنے پر ان کی پوزیشن کافی دنوں سے خطرات میں گھری نظر آ رہی تھی۔ 
یاد رہے کہ نائلہ بھٹی سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی قریبی ساتھی تصور کی جاتی تھیں، ذکا اشرف کے آنے پر بھی ان کی پوزیشن کمزور ہوئی لیکن وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں، البتہ اب ان کے لیے صورتحال خاصی دشوار ہوگئی تھی، انھوں نے کئی روز قبل فرنچائز مالکان کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ معاملات کی پیشرفت میں سست روی سے نالاں ہیں لہٰذا استعفیٰ دینے پر غورکررہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بورڈ میں آئندہ چند روز کے دوران مزید تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔