کھیل کے اتارچڑھائو کو مدِنظر رکھتے ہوئے، شان مسعود نے دوستی اور مقابلے کے جذبے کے درمیان لکیر کو عمدگی سے اجاگر کیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شاداب خان سے الجھنے اور تلخ جملوں کے تبادلے کے معاملے پر اپنے موقف کا اظہار کردیا۔
پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے اعتراف کیا کہ رواں سیزن میں میری کارکردگی بالکل اچھی نہیں رہی، افسوس ہے کہ توقعات کے مطابق پرفارمنس نہ دے سکا۔
شان مسعود نے گزشتہ دنوں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شاداب خان کے ساتھ تکرار کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’فیلڈ میں پلیئرز کے جذبات مختلف ہوتے ہیں، ہر انسان میں کچھ خوبیاں اور کچھ خامیا ہوتی ہیں، میں نے وائیڈ واپس لینے کے لئے ری ویو لیا تھا، میں جب امپائر سے بات کررہا تھا تو شاداب نے کہا وقت ختم ہوگیا ہے، جس پر شاداب کو کہا تھا کہ آپ میچ کھیلو، امپائرنگ مت کرو‘‘۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 9 کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نےکراچی کنگز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی کراچی کنگز کا پی ایس ایل میں سفر ختم ہوگیا، رواں سیزن میں کنگز کی ٹیم 10 میچز میں محض 8 پوائنٹس حاصل کرسکی۔