news
English

پی ایس ایل میں ابھی تک اپنی ذاتی کارکردگی سے مطمئن نہیں، شان مسعود

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش ہوگی، کپتان کراچی کنگز

پی ایس ایل میں ابھی تک اپنی ذاتی کارکردگی سے مطمئن نہیں، شان مسعود

کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )9میں ابھی تک بطور بلے باز اپنی ذاتی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی کے اوول گرانڈ پر کراچی کنگز کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذاتی کارکردگی سے مطمئن نہیں، اچھا موقع ملتے ہی ٹیم کی کارکردگی بھی اچھی ہوجائے گی، جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ 
شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل 9 کے گزشتہ تین میچز میں کراچی کنگز کی جانب سے کوئی بڑی اور قابل ذکر کارکردگی سامنے نہیں آسکی، کسی بھی ایک میچ میں ٹیم کی جانب سے ایک یا دو انفرادی اچھی پرفارمنس سے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کو کیرن پولارڈ جیسی بہترین انفرادی اننگز کی ضرورت ہے، کراچی میں ہونے والے میچز میں حریف ٹیموں کے خلاف میٹنگ میں اپنی حکمت عملی تیار کریں گے۔ 
کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ اوپنرز کے جلد آٹ ہونے سے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے۔ کراچی کی پچ کا کوئی اندازہ نہیں، اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ ہماری ٹیم میں سب نے کچھ نہ کچھ پرفارم کیا ہے، مجھے اچھا آغاز نہیں مل رہا، اسی وجہ سے بیٹنگ میں آگے نہیں بڑھ پارہا۔ انہوں نے کہاکہ میچز میں وکٹ پر سیٹ ہونے کے باوجود اچھی کارکردگی نہیں دکھاسکا، میری پرفارمنس جب آئے گی تو ٹیم کو مزید فائدہ ہوگا۔
آل رائونڈر محمد نواز کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز کی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں رہی، نواز سے بطور آل رانڈر اچھی توقعات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عرفات منہاس اچھے کھلاڑی ہیں، جہاں ان کی ضرورت ہوگی کھلائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل میں سب کھلاڑی پاسز کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں۔ میں نے میچز کے پاسز کے لئے اپنی فیملی کو بھی منع کردیاتھا۔