news
English

تنقیدکے نشتر چلانےوالے سائمن ڈول بھی بابراعظم کی شانداراننگزکےگرویدہ  

اسلام آبادیونائیٹڈ کے خلاف جارحانہ سنچری پر کیوی کمنٹیٹر بھی بابرکی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

تنقیدکے نشتر چلانےوالے سائمن ڈول بھی بابراعظم کی شانداراننگزکےگرویدہ  

گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم پر تنقید کے نشتر چلانے والے نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے حالیہ شاندار اننگز پر بابر اعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں کمنٹیٹر سائمن ڈول پریزنٹیشن کے دوران بابراعظم کی اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف کھیلی گئی جارحانہ اننگز کی تعریف کررہے ہیں۔ 
انہوں نے بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاندار اننگز اور بہترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرنے پر انہیں سراہاہے، وہ واقعی اس تعریف کے مستحق ہیں۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف بابراعظم نے 63 گیندوں پر 14 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 176 سے زائد کا رہا۔  
پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں کیوی کمنٹیٹر نے بابراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ٹیم کے بجائے اپنے ذاتی سنگ میل کیلئے کھیل رہے ہیں۔  
واضح رہے کہ رواں ایڈیشن میں بابراعظم ٹی20 فارمیٹ میں تیزترین 10 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بنےہیں، انہوں نے 271 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے 285 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ 

بابر اعظم پی ایس ایل 2024 میں بھی اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے اب تک کھیلے گئے 5 میچوں میں 80 سے زائد کی اوسط سے 330 رنز بنارکھے ہیں۔