news
English

کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آرش علی خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں

کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔

ابوظہبی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے دانش عزیز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 176 رنز بنائے۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ شروع ہوئی تو سیم ایوب اور جیک ویتھرالڈ نے 32 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 19 اور ویتھرالڈ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دسویں اوور میں عثمان خان 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے اسی طرح 13 ویں اوور میں اعظم خان بھی 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 16 اوور کے اختتام تک گلیڈی ایٹرز نے 118 رنز بنالیے۔

123 رنز کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ بھی گرگئی۔ حسن خان 24 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مزید مشکل میں آگئے۔ ان کے فوری بعد عبدالناصر آئے جو صفر پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

چوتھے نمبر پر آنے والے سرفراز تاحال کریز پر موجود ہیں اور ان کے ساتھ جیک ویلڈر دے رہے ہیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، بابراعظم 23 اور شرجیل خان 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

مارٹن گپٹل صرف 5 رنز ہی بناسکے اور نجیب اللہ زدران 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان عماد وسیم 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم چیڈوک والٹن اور دانش عزیز کی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب رہی۔

دانش عزیز نے 13 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے جب کہ چیڈوک والٹن 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آرش علی خان نے 4، عبدالناصر اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز نے گزشتہ روز لاہور قلندرز کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرلیا تھا جس کے بعد کراچی کنگز کے لیے آج کا میچ اہمیت اختیار کرگیا ہے، شکست کی صورت میں کراچی کنگز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی تاہم جیت کے ساتھ کراچی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلے گا اور لاہور قلندرز کا سفر تمام ہوجائے گا۔