news
English

پی ایس ایل پلیئرزکی کیٹیگریز بنائے بغیر نیلامی کا امکان

جائلز کلارک، ہارون لورگاٹ اور سیمی جیسی شخصیات کو سفیر بنانے کی تجویز

پی ایس ایل پلیئرزکی کیٹیگریز بنائے بغیر نیلامی کا امکان PHOTO: Pakistan Super League

پی ایس ایل پلیئرز کی کیٹیگریز بنائے بغیر نیلامی کاامکان بڑھ گیا جب کہ غیرملکی کرکٹرز کو پاکستان آنے پر قائل کرنے کیلیے جائلز کلارک، ہارون لورگاٹ اور ڈیرن سیمی جیسی شخصیات کو سفیر بنانے کی تجویز بھی زیرغورہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور فرنچائز مالکان کی میٹنگ پیر کو لاہور میں ہوئی تھی، ذرائع سے حاصل شدہ مزید معلومات کے مطابق اس موقع پرپلیئرز فیس ماڈل پر نظرثانی کی تجویز بھی زیرغور آئی۔

فرنچائززکے مطابق دیگر لیگز کے مقابلے میں پی ایس ایل کا معاوضہ بہت زیادہ ہے، اس وقت پلیئرز بجٹ1.4 ملین ڈالر ہے جسے کم کرنا چاہیے، یہی کھلاڑی دیگر لیگز میں اس سے بہت کم رقم کے عوض کھیلتے ہیں، اس پر یہ کہا گیا کہ کوئی ایسا آپشن سوچنا چاہیے جس سے پلیئرز ناراض بھی نہ ہوں۔

ایک تجویز یہ سامنے آئی کہ کیٹیگریز طے کیے بغیر نیلامی کرائی جائے، چاہے فرنچائززایک مہنگا اور باقی سستے پلیئرز لیں یا کچھ اور کریں یہ ان کی مرضی ہوگی۔ میٹنگ میں پی ایس ایل کیلیے سفیر بھی بنانے پر بات ہوئی۔

اس حوالے سے جائلز کلارک، ہارون لورگاٹ اور ڈیرن سیمی جیسی پاکستان دوست شخصیات کے نام سامنے آئے، انھیں باقاعدہ معاوضہ دینے کی بات ہوئی تاکہ وہ غیرملکی کرکٹرز کے خدشات دور کرتے ہوئے انھیں پاکستان آنے پر آمادہ کر سکیں، اس وقت یہ کام پی سی بی ملازمین پلیئرز ایجنٹ کی مدد سے کرتے ہیں مگر انھیں خاطر خواہ کامیابی نہیں مل پاتی، اس تجویز پر بھی عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی گئی۔

دوسری جانب ڈالرز کے بجائے روپے میں ادائیگی اور معاوضوں میں متوقع کمی پرپاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے بھرپور اعتراض سامنے آنے کا امکان ہے، اسی لیے بورڈ کو اس حوالے سے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا پڑے گا۔