news
English

پی ایس ایل ڈرافٹ کیلیے پاکستانی ستاروں کی کہکشاں تیار

پی ایس ایل فور کیلیے دستیاب 89قومی کرکٹرز کی فہرست جاری کردی گئی

پی ایس ایل ڈرافٹ کیلیے پاکستانی ستاروں کی کہکشاں تیار PHOTO COURTESY: PCB

پی ایس ایل فور ڈرافٹ کیلیے پاکستانی ستاروں کی کہکشاں تیار کرلی گئی جب کہ کرکٹرز کے تبادلے یا خدمات برقرار رکھنے کیلیے کھڑکی کھول دی گئی۔

پی ایس ایل فور کیلیے دستیاب 89قومی کرکٹرز کی فہرست جاری کردی گئی،کرکٹرز کے تبادلے یا برقرار رکھنے کیلیے کھڑکی کھول دی گئی، پلاٹینم کیٹیگری میں 14کرکٹرز قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، سینئر آل رائونڈرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کے ساتھ 2 ریٹائرڈ کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی بھی شامل ہیں۔

مسلسل ناقص کارکردگی کے باوجود محمد عامرٹاپ کیٹیگری میں برقرار رہے، نوجوان کرکٹرز فہیم اشرف،شاداب خان، بابر اعظم، فخرزمان اور حسن علی بھی موجود ہیں،وہاب ریاض، محمد عرفان اور کامران اکمل بھی پلاٹینم پلیئر کے طور پر دستیاب ہوں گے۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں 9 کرکٹرز رومان رئیس، محمد سمیع،آصف علی، عماد وسیم ، عثمان شنواری،یاسرشاہ، جنید خان، سہیل تنویر اور محمد نواز موجود ہیں۔ گولڈ کیٹیگری میں20پلیئرز حسین طلعت، محمد رضوان، خرم منظور، مختار احمد، ذوالفقار بابر، عمر اکمل، بلال آصف، سہیل خان، بلاول بھٹی، عامر یامین، شاہین آفریدی، عمر گل، صہیب مقصود، شان مسعود، محمد اصغر، حارث سہیل، اسد شفیق، راحت علی، انور علی اور عمر امین شامل ہیں۔سلور کیٹیگری میں 34کھلاڑی عماد بٹ، افتخار احمد، ظفر گوہر، صاحبزادہ فرحان، محمد حسان، وقاص مقصود، اسامہ میر، محمد عرفان جونیئر، سیف اللہ بنگش، تابش خان، دانش عزیز، رضا حسن، سہیل اختر، گلریز صدف، آغا سلمان، سلمان ارشد، عمران خان جونیئر، محمد عباس، کاشف بھٹی، سیف بدر، محمد عرفان خان، عمر صدیق، حماد اعظم، عمید آصف، تیمور سلطان، سعد نسیم، خوشدل شاہ، خالد عثمان، رمیز راجہ جونیئر، سعد علی، امیر حمزہ، حسان خان، سعود شکیل ، فراز احمد خان کو رکھا گیا ہے۔ ایمرجنگ کیٹیگری میں 12کھلاڑیوں محمد حسنین، روحیل نذیر، حسن محسن، محمد طحہ، مشتاق احمد کلہوڑو، غلام مدثر، عبداللہ شفیق، ثمین گل، ابتسام شیخ، محمد عارف، محمد جنید، محمد اعظم خان کو جگہ ملی۔

پی ایس ایل تھری میں شرکت کرنے والے مقامی پلیئرز کی کیٹیگریز کا نئے سرے سے تعین تمام 6فرنچائزز کے نمائندوں کی موجودگی میں کیا گیا،گزشتہ سیزن میں کسی ٹیم کا حصہ نہ بننے والوں کی الگ فہرست سلیکٹرز تیار کریں گے، ہر 16رکنی فرنچائز کو پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ کیٹیگری میں 3،3، سلور میں 5اور 2ایمرجنگ پلیئرز اپنی ٹیم میں لینا ہیں۔

ڈرافٹ کے موقع پر ہر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ 10کرکٹرز کی خدمات برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی،گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ٹیمیں کسی کھلاڑی کی کیٹیگری میں تنزلی کی درخواست دے سکیں گی، اگر کوئی ٹیم کسی پلیئر کی تنزلی کرنا چاہے تو دیگر فرنچائزز سے پوچھا جائے گا، کوئی ٹیم کھلاڑی کو بنیادی کیٹیگری میں لینے کو تیار نہ ہوئی تو تنزلی کرتے ہوئے اس کو اسکواڈ میں برقرار رکھا جائے گا۔

تنزلی کی درخواست کرتے ہوئے کھلاڑی کی رضامندی بھی معلوم کی جائے گی،اگر وہ اپنی کیٹیگری سے نیچے منتخب ہونا چاہے تو درست ورنہ دوسری صورت میں بغیر سلیکٹ ہوئے بھی رہ سکتا ہے۔ پی ایس ایل کا چوتھا سیزن آئندہ سال یواے ای میں شروع ہوگا، افتتاحی تقریب اور پہلا میچ 14فروری کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ڈرافٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست ’’ایکسپریس‘‘ میں28 ستمبر کو ہی شائع ہو چکی تھی۔