news
English

پی ایس ایل 5 کا ڈرافٹ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔ راشد لطیف

سابق وکٹ کیپر کی فرنچائز کو رقوم کی ادائیگی میں تاخیر پر پی سی بی پر کڑی تنقید

پی ایس ایل 5 کا ڈرافٹ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔ راشد لطیف Photo Courtesy: Karachi Kings

سابق پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعدد وجوہات کی بنا پر ایچ بی ایل کے تحت ہونے والے پی ایس ایل 5 کا ڈرافٹ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔

 راشد لطیف کا کہنا تھا کہ عام طور پر ہر سال نومبر کے قریب پی ایس ایل کا ڈرافٹ کھلتا ہے مگر اس بار اس میں تاخیر ہوتی نظر آرہی ہے جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث پی ایس ایل کا ڈرافٹ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل مالی طور پر مستحکم ہے مگر بورڈ کی جانب سے جان بوجھ کر فرنچائز کو رقوم کی ادائیگی میں تاخیر کی جارہی ہے جس کا اثر پی ایس ایل 5 کے ڈرافٹ پر پڑے گا۔  پی سی بی کو پی ایس ایل میں شامل تمام 6 فرنچائز کو پی ایس ایل 4 کے منافع میں سے حصہ دینا چاہیے کیونکہ پی سی بی کا پرافٹ مارجن 200 فیصد رہا ہے مگر فرنچائز پی سی بی سے خوش نہیں ہیں۔ 

اس سے پہلے پی ایس ایل 4 میں شامل تمام فرنچائز نے پی ایس ایل 5 کے لیے بینک گارنٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

فرنچائز مالکان کو پی سی بی سے کچھ تحفظات ہیں تاہم ان کا سب سے بڑا مسئلہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن کے حوالے سے رقوم کی تقسیم ہے۔ فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ 6 ماہ ہونے کو آئے مگر پی سی بی کی جانب سے ابھی تک پی سی ایل کی فنانشل اسٹیٹمنٹ ہی فائنل نہیں ہوسکی ہے جس کی بنا پر فرنچائز مالکان نے بینک گارنٹی کو ماننے سے انکار کیا ہے۔