صائم ایوب کی شاندار بولنگ اور عامر جمال کی دھواں دھار اننگزکے باوجود زلمی کو 29 رنز سے شکست۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اوپنر صائم ایوب نے منفرد کارنامہ سرانجام دے کر تاریخ رقم کرڈالی۔
گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دی تاہم زلمی کے کپتان بابراعظم نے بالنگ کے وقت پہلا اوور صائم ایوب سے کروایا جنہوں نے حیران کن طور پر پہلی ہی گیند پر ایلکس ہیلز کی وکٹ لے لی جبکہ دوسرے اوور میں صائم ایوب نے کولن منرو کو اپنا شکار بنایا۔
بابراعظم نے صائم سے 2 اوورز کروائے جس میں انہوں نے 15رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی کے نوجوان اوپنر صائم ایوب پی ایس ایل کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کسی بھی میچ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی، اس سے قبل کوئی کھلاڑی یہ کارنامہ سرانجام نہیں دے سکا تھا۔
واضح رہے کہ صائم ایوب کی شاندار بولنگ اور عامر جمال کی دھواں دھار اننگزکے باوجود پشاور زلمی کو میچ میں شکست ہوئی، جس کے بعد پوائںٹس ٹیبل پراس کے7 میچوں میں 3 فتوحات کے ساتھ 7 پوائنٹس ہیں اور چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔