news
English

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان شنواری اور خرم شہزاد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی فوٹو: پی سی بی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دیدی۔ 

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 158 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرزکی پوری ٹیم 140 رنز ہی بناسکی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل اختر کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے، فخرزمان 12، ذیشان اشرف 16 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ محمد حفیظ ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جب کہ بین ڈنک کی اننگز بھی 6 رنز تک محدود رہی۔

راشد خان 8 اور احمد دانیال 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ڈم ڈیوڈ کی مزاحمت 46 رنز پر ختم ہوئی۔ جیمز فالکنر نے 12 اور حارث رؤف نے 19 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان شنواری اور خرم شہزاد نے 3،3 محمد نواز اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو عثمان خان اور جیک ویتھرالڈ نے اننگز کا آغاز کیا، عثمان کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے اور کیمرون ڈیلپورٹ بھی 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

جیک ویتھرالڈ 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ اعظم خان نے بھی 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، محمد نواز 6 رنز ہی بناسکے۔ حسان خان 12 اور سرفراز احمد 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3، محمد حفیظ اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔