news
English

پاک نیوزی لینڈ ٹی 20سیریز: ابتدائی میچز میں بارش کا امکان

بلیک کیپس کے کھلاڑی پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں، جو کہ پانچ میچوں کی دلچسپ ٹی 20 سیریز کی تیاری کر رہے ہیں۔

پاک نیوزی لینڈ ٹی 20سیریز: ابتدائی میچز میں بارش کا امکان

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول پانچ میچز کی ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی میچز بارشوں کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے راولپنڈی میں بارش کی پیشگوئی کے باعث پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے تین میچ متاثر ہونے کا خطرہ ظاہر کردیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آنے والی سیریز کے لیے تیار رہنے والے کرکٹ شائقین کے لیے ایک تشویشناک پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مھکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں جہاں سیریز کے ابتدائی تین میچ شیڈول ہیں، شدید بارش کی پیش گوئی کی وجہ سے ٹی 20 میچز کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ 18 اپریل کو راولپنڈی میں شروع ہونے والی پانچ میچوں کی سیریز سے قبل شہر میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ پورے ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ 
ایک دن قبل مائیکل بریسویل کی قیادت میں بلیک کیپس کا دستہ گرین شرٹس کے خلاف سیریز سے قبل اتوار کے روز اسلام آباد پہنچ گیا تاہم پاکستانی ٹیم کا منگل کےروز ہونے والا پریکٹس سیشن منسوخ ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جہاں پانچ میں سے ابتدائی تین میچ 18، 20 اور 21 اپریل کو شیڈول ہیں، سیریز کے باقی دو میچ 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے 18 اپریل کو خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان اور بالائی، جنوب مغربی سندھ سمیت پاکستان بھر کے مختلف علاقوں میں "بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری" کی پیش گوئی کی ہے۔ 
دریں اثناء 20 اپریل کو محکمہ موسمیات نے کے پی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔