news
English

رمیز راجہ، حفیظ سے پرانا حساب چکتا کرنے لگے

یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل رمیزراجہ نے حفیظ کو جب اپنے کرکٹ مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا تھا

رمیز راجہ، حفیظ سے پرانا حساب چکتا کرنے لگے فوٹو: پی سی بی

کراچی: رمیز راجہ، محمد حفیظ سے پرانا حساب چکتا کرنے لگے، سابق کپتان نے ٹی 10 لیگ کھیلنے پر بضد آل راؤنڈر کو ’خود غرض‘ قرار دے دیا۔

رمیز راجہ نے محمد حفیظ کو خودغرض قرار دے دیا، اپنے یوٹیوب چینل پر انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیمیں اب پاکستان آ رہی ہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ ہر کوئی کوویڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کرے، ٹی10لیگ کھیلنے والوں میں سے آصف علی واپس آگئے مگر حفیظ نہیں آئے کیونکہ وہ اپنا کنٹریکٹ ختم نہیں کرنا چاہتے تھے، یہ ان کی سوچ کا عکاس ہے، ہمیں لازمی طور پر پروٹوکول کی پیروی کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کو دیکھ لیں، انھوں نے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے کیلیے بگ بیش چھوڑ دی، اس سے ان کی ترجیح کا علم ہوتا ہے، اگر پاکستان آپ کی ترجیح ہے تو پھر درست سمت میں گامزن ہیں لیکن اگرآپ ٹیم میں انتخاب کی قیمت پر لیگز کو ترجیح دیتے ہیں تو مطلب آپ درست راستے پر نہیں ہیں، ہر کسی کو خودغرضی کے بجائے پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے ورنہ کوئی آپ کی حمایت  نہیں کرے گا۔

یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل رمیزراجہ نے حفیظ کو جب اپنے کرکٹ مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا تھا تب آل راؤنڈر نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق کپتان کی کرکٹ خدمات کا معترف مگر جہاں تک کرکٹ کا تعلق ہے تو میرا 12 برس کا بیٹا ان سے زیادہ سوجھ بوجھ رکھتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ رمیز راجہ کو اپنے یوٹیوب چینل کیلیے مرچ مصالحے کی ضرورت پڑتی اور وہ اس کا استعمال کرتے رہتے ہیں۔