news
English

لاہور قلندرز کو راشد سے فتح گرکارکردگی کی امیدیں

سہیل اختر نے کہاکہ ہماری ٹیم کی اصل قوت فاسٹ بولنگ ہے مگر مقامی کنڈیشنز میں راشد خان حریف ٹیموں کو دباؤ میں رکھنے کا ذریعہ ہوں گے

لاہور قلندرز کو راشد سے فتح گرکارکردگی کی امیدیں فوٹو: پی سی بی

لاہور قلندرز نے ٹرمپ کارڈ راشد خان سے فتح گر کارکردگی کی امیدیں وابستہ کرلیں۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہاکہ ہماری ٹیم کی اصل قوت فاسٹ بولنگ ہے مگر مقامی کنڈیشنز میں راشد خان حریف ٹیموں کو دباؤ میں رکھنے کا ذریعہ ہوں گے،ہم ورلڈ کلاس آل راؤنڈر کے بطور اسپنر تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے، وہ بیٹنگ میں بھی ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ بہترین متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی وجہ سے لاہور قلندرز کا متوازن کمبی نیشن چکا، ڈیوڈ ویزا کی کمی جیمز فالکنر پوری کر سکتے ہیں، وقفے کی وجہ سے کارکردگی میں تسلسل تھوڑا مشکل ہوتا ہے مگر کرکٹرز کسی نہ کسی طور پر ایکشن میں رہے، ابوظبی میں بھی کنڈیشنز سے ہم آہنگ چکے، غیر ملکیوں خاص طور پر سرد موسم سے آنے والے آسٹریلوی کرکٹرز کو ابتدا میں مشکل ہوئی، بہرحال اب مطابقت پیدا کرتے جا رہے ہیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی حریف کو بھی کمزور خیال نہیں کیا جا سکتا، اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف پہلے معرکے سمیت ہر میچ کے لیے الگ پلان تیار ہے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اگر رات کو اوس پڑی تو دونوں ٹیموں کے لیے ایک جیسے حالات ہوں گے، اس کے باوجود ٹاس کا کردار اہم ہوگا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولنگ کوچ سعید اجمل نے کہاکہ قرنطینہ ختم ہونے کے بعد ٹیم نے اچھی پریکٹس کرلی،پلیئرز دن کی روشنی اور رات کی کنڈیشنز میں بھی ٹریننگ کرتے رہے،سب فٹ اور مقابلے کیلیے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حسن علی پْرجوش اور بہترین بولنگ کررہے ہیں،فہیم اشرف بھی اچھی بیٹنگ اور بولنگ کررہے ہیں، کولن منرو کی فارم بھی بہترین ہے،لاہور قلندرز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔