نجم سیٹھی اور ذکا اشرف دونوں کی عمریں زیادہ ہوگئی ہیں، سابق کپتان کا ٹی وی چینل کو انٹرویو
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے رات گئے الیکشن میں حصہ نہ لینے کے اعلان کو مذاق قرار دے دیا۔
مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ آپ نجم سیٹھی یا ذکا اشرف میں سے کس کو بہتر سمجھتے ہیں، جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی سوچ رکھنے والے لوگوں کی ضرورت ہے، میں ہوتا تو دونوں کو آرام کرواتا۔
انہوں نے کہا کہ رمیز راجہ پی سی بی کے چیئرمین تھے تو وہ اکیلے چلنے کی کوشش کرتے تھے جبکہ قومی اداروں میں ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ تن تنہا چلیں، وسیم خان ایک اچھا نام تھے وہ غیر ملکی سیٹ اَپ سے آئے تھے انہیں دیگر چیزوں کا بھی علم تھا، پاکستان میں کرکٹ بحالی میں وسیم خان کا بڑا اہم کردار رہا۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ کرکٹرز پر تبدیلیوں کا کوئی اثر نہیں پڑے گا لیکن اگر ورلڈکپ سے قبل سلیکشن کمیٹی یا کوچز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو وہ پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔