پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلی گئی تھی جس میں بھارت نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ایک بار پھر پاکستانی شائقین کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی ٹیسٹ سیریز کے بارے میں کھل کر اظہارِخیال کردیا، کہتے ہیں پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کو کرکٹ کی دنیا میں خصوصی حیثیت حاصل ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روہت شرما نے حال ہی میں ایک بار پھر ہندوستان بمقابلہ پاکستان ٹیسٹ سیریز کے امکان اور پاکستانی شائقین کی حمایت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
دبئی میں ریڈیو آئی 103.8 پر، بات چیت کے دوران روہت شرما سے ہندوستان بمقابلہ پاکستان ٹیسٹ سیریز کی اہمیت کے بارے میں پوچھا گیا جو 2007 سے دونوں ملکوں کے درمیان نہیں کھیلی گئی۔
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو میں ذاتی طور پر کہتا ہوں کہ آخر میں ایک کرکٹر ہوں، میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں اور خود کو چیلنج کرنا چاہتا ہوں۔ میں کرکٹ کی کسی بھی سطح پر کھیلنا چاہتا ہوں اور میرے خیال میں پاکستان کے پاس اچھی ٹیم ہے۔ ان کے پاس باصلاحیت اور جانے مانے نوجوان گیند باز ہیں جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ روہت نے کہا کہ ان کی بلے بازی بھی اچھی ہے، مجموعی طور پر پاکستان ایک بہت اچھی ٹیم ہے۔
بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ آپ جانتے ہیں انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ ہمیشہ کچھ نیا لے کر آتا ہے۔ آپ جانتے ہیں اور مجھے بھی لگتا ہے کہ ٹیم سے باہر کے لوگ اسے زیادہ پسند کریں گے۔ باہر کے لوگ ہمیں کھیلتے ہوئے دیکھنا پسند کریں گے (انڈیا بمقابلہ پاکستان ٹیسٹ میچ)۔ مجھے واقعی کوئی مسئلہ نہیں ہے، یہ صرف کرکٹ کے خالص نقطہ نظر سے ہے، اگر مجھے اسے دیکھنا ہے تو آپ جانتے ہیں کہ یہ ایک اچھا حوالہ ہوگا، یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے آپ کسی دوسرے ملک میں کھیلنا چاہتے ہیں۔ جب آپ آسٹریلیا جاتے ہیں تو آپ کو کھیل کے مختلف حصوں میں مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اور برطانیہ میں بھی ایسا ہی ہے۔،،
ہندوستانی کپتان نے پاکستانی شائقین کے ساتھ مثبت بات چیت کا بھی ذکر کیا، خاص طور پر برطانیہ کے دوروں کے دوران، جہاں شائقین ہندوستانی کرکٹرز کی تعریف اور کھیل سے ان کی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
پاکستانی شائقین کے پیاربھرے پیغامات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ وہ اپنی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، وہ اس سے محبت کرتے ہیں، ہر بار جب ہم برطانیہ میں ہوتے ہیں تو آپ جانتے ہیں کہ یہ لوگ آتے ہیں اور ہمیں صرف یہ بتاتے ہیں کہ وہ ہم سے کتنی محبت کرتے ہیں وہ ہندوستانی کرکٹرز سے کیسی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کچھ کو مستقبل میں بھی کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔،،
یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان اور بھارت کا آخری مقابلہ 2007 میں ہوا تھا، جب پاکستان نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں بھارت نے 1-0 کے اسکور لائن کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔