لٹل ماسٹر کی سیمی فائنلسٹ ٹیمیں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ہیں۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل تک ممکنہ رسائی حاصل کرنے والی 4ٹیموں کے بارے میں بتادیا۔
آئی سی سی کے میگا ایونٹ ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور اس وقت حیدر آباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں مدِ مقابل ہیں۔
گزشتہ روز دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ سے قبل ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر ٹورنامنٹ کی ٹرافی کے ساتھ گراؤنڈ میں داخل ہوئے اور ٹورنامنٹ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مگر دلچسپ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ورلڈکپ میں اپنی چار ٹاپ ٹیموں کے حوالے سے بتایا کہ میری فیورٹ سیمی فائنلسٹ ٹیمیں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ہیں۔
لٹل ماسٹر کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم یقینی طور پر ٹاپ فور میں جگہ بناسکتی ہے کیونکہ بھارتی ٹیم بہت متوازن ٹیم ہے۔
لٹل ماسٹر کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرح آسٹریلیا کا بیلنس بھی اچھا ہے اسی لیے اسے سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں شامل کیا، تیسری ٹیم انگلینڈ ہے کیونکہ انگلش ٹیم بھی ایک مضبوط ٹیم ہے، انگلینڈ کی ٹیم تجربے اور کچھ نئے چہروں کا امتزاج ہے جبکہ پچھلے ورلڈ کپ کی چیمپئن بھی ہے۔
سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ میری چوتھی فیورٹ ٹیم نیوزی لینڈ ہے جس نے گذشتہ دو ورلڈکپس کا فائنل کھیلا ہے، نیوزی لینڈ کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا ہے اوراسی وجہ سے میں انہیں سیمی فائنل میں کھیلتا ہوا دیکھتا ہوں۔