ٹینس کورٹ پر سچن ٹنڈولکر کی ملاقات ٹینس کی دنیا کے میگا اسٹار راجر فیڈرر سے بھی ہوئی۔
بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر ومبلڈن چیمپئن شپ کے میچز دیکھنے پہنچ گئے۔
بھارتی کرکٹ کے آئیکن سچن ٹنڈولکر کا ہفتے کےروز ومبلڈن کے سینٹر کورٹ میں شائقین کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا جب انہوں نے ٹینس ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونے کے لیے انٹری دی۔ خاکستری رنگ کے سوٹ میں ملبوس، سچن ٹنڈولکر نے مسکراہٹ کے ساتھ ہجوم کا استقبال کیا اور اپنا ہاتھ لہرا کر شائقین اور فینز کی جانب سے دکھائی جانے والی گرم جوشی کا جواب دیا اور بھارت کا روایتی نمستے کا پوز دیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز بھارتی کرکٹ اسٹار سچن ٹنڈولکر ومبلڈن چیمپئن شپ کے میچز دیکھنےکےلیے پہنچ گئے۔ سابق بھارتی کرکٹرز جرمنی کے الیگزینڈر زویریف اور برطانیہ کے کیمرون نوری کے درمیان تیسرے راؤنڈ کا میچ دیکھنے کے لیے پہنچے تھے۔ سابق بھارتی کپتان نے رائل باکس میں ومبلڈن ٹینس کے میچز دیکھے۔ آن فیلڈ اناؤنسر نے سچن ٹنڈولکر کا تعارف ورلڈ کپ ونر کے طورپرکروایا۔
سچن ٹنڈولکرکی موجودگی کے اعلان پر ٹینس فینز نے انہیں داد دی جبکہ ٹنڈولکر نے کھڑے ہو کر سب کا شکریہ ادا کیا۔
انگلش کرکٹرز بین اسٹوکس، جو روٹ اور جوز بٹلر بھی ہفتے کےروز ومبلڈن کے میچز دیکھنے پہنچے تھے۔
ٹینس کورٹ پر سچن ٹنڈولکر کی ملاقات ٹینس کی دنیا کے میگا اسٹار راجر فیڈرر سے بھی ہوئی، جہاں دونوں لیجنڈز نے گرم جوشی سے ایک دوسرے کا استقبال کیا۔