news
English

قائداعظم ٹرافی: صائم ایوب کی دونوں اننگز میں شاندار سنچریاں

قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں نوجوان بلے باز صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری بناڈالی۔

قائداعظم ٹرافی: صائم ایوب کی دونوں اننگز میں شاندار سنچریاں

قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں صائم ایوب نے فیصل آباد کے خلاف جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کردیں جس کے بعد کراچی وائٹس کو مخالف ٹیم پر657 رنز کی برتری حاصل ہے۔  
قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں نوجوان بلے باز صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری بناڈالی۔
فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد کے خلاف اپنی پوزیشن خاصی مستحکم کرلی ہے۔ میچ کے تیسرے دن فیصل آباد کو پہلی اننگز میں صرف 124 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد کراچی وائٹس نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنالیے تھے، اس طرح اسے مجموعی طور پر 657 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ 
فیصل آباد کی ٹیم نے 76 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز شروع کی لیکن وہ اسکور میں صرف48 رنز کا اضافہ کرسکی۔ عرفان خان32 اور علی وقاص27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کراچی وائٹس کی طرف سے میرحمزہ اور شاہنواز دھانی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ میرحمزہ نے 44 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہنواز دھانی نے 50رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔ 
کراچی وائٹس نے پہلی اننگز کی 419 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو اسے پہلی ہی گیند پر خرم منظورکی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ عمیر بن یوسف بھی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے لیکن صائم ایوب ایک بار پھر زبردست فارم میں نظر آئے۔ پہلی اننگز میں 203 رنز اسکور کرنے کے بعد انہوں نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ صائم ایوب اور اسد شفیق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کا اضافہ کیا۔ اسد شفیق نے سات چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود آٹھ چوکوں کی مدد سے 51رنز بناکر آؤٹ ہوئے انہوں نے پہلی اننگز میں 180رنز اسکور کیے تھے۔