news
English

سلمان بٹ پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار پر سری لنکن ٹیم پربرس پڑے

پاکستان کے حالات سری لنکا سے بہت بہتر ہیں، سابق کپتان

سلمان بٹ پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار پر سری لنکن ٹیم پربرس پڑے PHOTO: AFP

سابق قومی کپتان سلمان بٹ نے پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار پر سری لنکن ٹیم کو کھری کھری سنادیں۔

لاہور میں ایک تقریب کے بعد ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت میں سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم 5 دن ٹی 20 اور اتنے ہی دن ایک روزہ میچوں کے لئے لاہور اور کراچی میں موجود رہے گی، آئی لینڈرز اس دوران 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیل سکتی تھی، پاکستان کے حالات سری لنکا سے بہت بہتر ہیں اور ہماری سکیورٹی ایجنسیز نے بہت اچھا کام کیا ہوا ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ غیرملکی ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے آئیں گی تو انہیں اندازہ ہوگا کہ پاکستان میں حالات کتنے بہتر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق تجربہ کار ہیں، امید ہے کہ وہ ٹیم کے لئے بہتر ہوں گے، مکی آرتھر کی موجودگی میں پاکستانی ٹیم کی پوزیشن ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بہت نیچے گئی ایسے میں ٹیم منیجمنٹ میں تبدیلی ناگزیر تھی۔

سابق کپتان نے کہا کہ میرٹ پر آپ ٹیم کا انتخاب کریں گے تو ہی کامیاب ہوں گے، جب آپ اپنے چہیتوں کی طرف دیکھتے ہیں اور یہ دیکھتے ہیں کہ ہمارا گروپ کونسا ہے تو پھر ٹیم کا نقصان ہوتا ہے اور رزلٹ نہیں آتے، یہ میری ہی بات نہیں، ڈومیسٹک سطح پر جتنے بھی لوگ پرفارم کر رہے ہیں، آپ ان کی طرف بھی دیکھیں، بڑے بڑے اچھے لڑکے ہیں ان کو سپورٹ کریں

سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ اگر میرٹ پر کام نہیں کریں گے تو جس کا حق بنتا ہے، اس کو نہیں کھلائیں گے تو کام نہیں چلے گا، آپ آسٹریلین سسٹم لے آئیں یا اپنے نظام سے ہی کام چلا لیں لیکن اگر حقدار کرکٹر نہیں کھیلے گا تو پھر مسائل جوں کے توں ہی رہیں گے۔