news
English

سلمان بٹ کے بعد سمیع اسلم کا بھی نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار

ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے بھی نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کردیا

سلمان بٹ کے بعد سمیع اسلم کا بھی نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار فوٹو: پی سی بی

ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے بھی نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔

سمیع اسلم کو  بلوچستان سکینڈ الیون ٹیم کا کپتان مقرر کیاگیا تھا، ان کی جگہ اب عظیم گھمن کو قیادت کی یہ ذملہ داری سونپی جاسکتی ہے۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم نے ٹیم  انتظامیہ کو بائیوببل کا حصہ بننے سے معذرت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ گھریلو مصروفیات کی وجہ سے وہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے، ٹیم انتطامیہ نے کرکٹر کا ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا موقف تسلیم کرلیا ہے۔

سمیع اسلم نے گزشتہ برس دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 6 رنز بنائے تھے۔ اس پرفارمنس کی بنیاد پر اس بار انہیں سکینڈ الیون میں جگہ دی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیع اسلم  سکینڈ الیون میں شامل کیے جانے پر ناخوش ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے ایونٹ  سے نام واپس لے لیا ہے، ٹیم مینجمنٹ نے سمیع اسلم کے ایونٹ سے دستبردار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹر نے اپنی والدہ کے بیمار ہونے کا بتایا ہے، ان کی عدم دستیابی کے بارے میں بورڈ کو اطلاع دے دی ہے۔

بورڈ ترجمان کے مطابق سمیع اسلم  نے کسی سے اختلافات کی بنا پر ایونٹ میں شرکت سے انکار نہیں کیا، وہ  قائد اعظم ٹرافی میچز میں حصہ لیں گے۔ سمیع اسلم سے پہلے سلمان بٹ اور محمد عرفان جونیئر بھی ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کرچکےہیں۔ رمیز راجہ جونیئر کی امریکہ روانگی کی اطلاعات ہیں۔