news
English

محمد عامرکو قومی ٹیم میں واپس آناچاہیے، سرفراز احمد

عامر اب بھی پاکستان کے لئے کھیل سکتا ہے کیونکہ اس کے پاس قومی ٹیم کو دینے کیلئے بہت کچھ ہے، یہ اس پر منحصر ہے کہ وہ ٹیم کیساتھ اپنے مستقبل کو کیسے دیکھتا ہے، سابق کپتان

محمد عامرکو قومی ٹیم میں واپس آناچاہیے، سرفراز احمد

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے فاسٹ بولرمحمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کردی۔  
پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن کے دوران محمد عامر کی شاندار بولنگ کو دیکھنے کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کی حمایت کی ہے۔ محمد عامر، جنہوں نے 2 میچوں میں دو وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ سرفراز احمد پی ایس ایل 9 کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں۔ 
پیسر کی ڈیتھ بولنگ گلیڈی ایٹرز کے لیے خاصی مفید ثابت ہوئی ہے۔ سرفراز احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر کی شمولیت سے بڑا فرق پڑا ہے، وہ واقعی اچھی بولنگ کر رہے ہیں اور انہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلنے کا کافی تجربہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “میں نے ہمیشہ عامر کو بتایا ہے کہ وہ اب بھی پاکستان کے لیے کھیل سکتا ہے کیونکہ اس کے پاس قومی ٹیم کو دینے کے لیے بہت کچھ ہے۔ وہ پاکستان کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے لیکن یہ عامر پر منحصر ہے کہ وہ قومی ٹیم کے ساتھ اپنے مستقبل کو کیسے دیکھتا ہے۔
سرفراز احمد پی ایس ایل 9 کے دوران دو میچز میں جیت اپنے نام درج کرنے کے بعد اپنی ٹیم کے آگے بڑھنے کے امکانات کے بارے میں بھی محتاط طور پر پر امید تھے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے لیکن ہماری ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے اور اگر ہم اسی طرح کھیلتے رہے تو ٹیم کو اچھے نتائج ملیں گے۔
وکٹ کیپر بلے باز نے جنوبی افریقہ کے ریلی روسو کو اپنی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کپتان بنائے جانے کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں پر سکون ہوں اور کھیل سے لطف اندوز ہورہا ہوں۔ ریلی روسو واقعی اچھی طرح سے ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، مجھے ان کی قیادت سے کوئی مسئلہ نہیں"۔