محمد عباس کو دونوں اننگز میں 5، 5 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 374 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔
ابوظہبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بابراعظم 99 اور سرفراز احمد کے 81 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس کے باعث آسٹریلیا کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 538 رنز کا ہدف ملا تاہم آسٹریلوی ٹیم صرف 164 رنز ہی بناسکی۔
چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرویس ہیڈ 36، مچل مارش 5، ایرون فنچ 31 اور ٹیم پائن کو صفر پر پویلین واپس بھیج کر آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 3 وکٹیں یاسر شاہ کے حصے میں آئیں اور ایک وکٹ میر حمزہ نے حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے تھے جب کہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بناسکی اور آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا