قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈکوچ جاوید میانداد نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 50 اوور کے ایشیاکپ کیلئے پاکستان آئیں۔
یوٹیوب کے ایک پوڈکاسٹ میں بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب اور جہاں لکھی ہے، آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ 2023 کے لئے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سال 2012-13 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اس کے بعد ہندوستان نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اپنا قرض اُتارے۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناکر پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کے لئے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کیا تھا۔
دوسری جانب پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوگا یہ ہمارا دوٹوک موقف ہے، ایشیائی ایونٹ کا جو فیصلہ ہوا اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری طرف سے یہ ریڈ لائن ہے، بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، اگر بھارت نے اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے تو یہی ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے بھی لاگو ہوگا۔