news
English

اسلام آباد یونائیٹڈ گرمی اور حریفوں پر قابو پانے کیلیے پُرعزم

ابوظبی کے موسم میں مشکل ہوگی مگربطور پروفیشنل چیلنج قبول کرنا ہے، قرنطینہ میں ٹریننگ کررہے ہیں

اسلام آباد یونائیٹڈ گرمی اور حریفوں پر قابو پانے کیلیے پُرعزم فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل6کے باقی میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ گرمی اور حریفوں پر قابو پانے کیلیے پْرعزم ہیں جب کہ کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز نئی ہیں اور ٹیموں کے کمبی نیشن بھی تبدیل ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہاکہ پی ایس ایل 6کے دوران کراچی میں کارکردگی ماضی بن چکی، ابوظبی میں میچز ایک نیا چیلنج ہیں،کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی،کنڈیشنز نئی اور ٹیموں کے کمبی نیشن بھی تبدیل ہوں گے، ہمیں اچھے متبادل مل گئے ہیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنا کمبی نیشن بنائیں گے،ایونٹ میں فتوحات کا سفر جاری رکھنے کے لیے پْرعزم ہیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایلکس ہیلز، فل سالٹ اور لوئس گریگوری کی موجودگی میں پلیئنگ الیون متوازن تھی مگر ان کا خلا پْر کرنے کے لیے عثمان خواجہ جیسا تجربہ کار بیٹسمین میسر آگیا، آسٹریلوی کرکٹر اپنے جائے پیدائش کے شہر کی نمائندگی کیلیے پْرجوش ہیں،وہ ہماری فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،کولن منرو بھی ہیں، ابوظبی کی کنڈیشنز میں ظفر گوہر اچھا پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حسن علی نے کم بیک پر بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے، وہ ٹیم کا حوصلہ جوان رہتے ہیں مگر میں ان پر توقعات کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا، پیسر کے ساتھ ٹیم میں شامل آصف علی، حسین طلعت اور فہیم اشرف نے بھی ماضی میں میچز جتوائے، وہ اب بھی بھرپور پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی خوش آئند ہے مگر ہمارا انحصار ملکی کرکٹرز پر ہوگا۔

شاداب خان نے کہا کہ ابوظبی کے موسم میں مشکل ضرور ہوگی مگر ایک پروفیشنل کے طور پر گرمی یا سردی کی پرواہ کیے بغیر کھیلنا پڑتا ہے، ویسے بھی مشکلات تو تمام ٹیموں کے لیے ایک جیسی ہیں، اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے پرفارم کرنا ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی اس کیلیے تیار ہیں،ابوظبی میں اچھا ماحول اور بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم قرنطینہ میں رہنے کے عادی ہوچکے ہیں، اس لیے کوئی خاص پریشانی نہیں،سب انفرادی ٹریننگ کر رہے ہیں، کمرے میں خود کو زیادہ سے زیادہ متحرک رکھنے کی کوشش ہوتی ہے تاکہ قرنطینہ ختم ہونے پر مہارت میں بہتری لانے کے لیے زیادہ کام کریں۔

بابراعظم کھلاڑیوں کوتسلسل کے ساتھ موقع دینے پر یقین رکھتے ہیں

وائٹ بال کرکٹ میں پاکستانی نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ مضبوط اسکواڈ بنانے کے لیے کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دینا ضروری ہے،کیریئر کے آغاز سے اب تک میری بابر اعظم کے ساتھ ہمیشہ اچھی بات چیت ہوتی رہی ہے، اب بھی کوئی معاملہ ہو تو نائب کپتان کے طور پر رائے دیتا ہوں،ہم دونوں مل کر ٹیم بناتے ہیں، کھلاڑیوں کو میدان میں بابر اعظم کو لڑانا ہوتا ہے اس لیے حتمی فیصلہ ان کا ہوتا ہے، بہرحال صورتحال کے مطابق کپتان کوئی فیصلہ کرنا چاہیں تو ٹیم کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے میں اپنی رائے کا اظہار کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ مشکل وقت میں کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے، بابر اعظم اسی بات پر یقین رکھتے ہیں، کبھی کبھار کوئی پلیئر توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرپاتا، اس وقت اسے زیادہ حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے، کھلاڑی بار بار تبدیل کریں تو مضبوط ٹیم نہیں بن سکتی، کپتان بھی اعتماد لانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ جس قدر ممکن ہو پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں سے گریز کیا جائے۔

گذشتہ کچھ عرصے میں بطور بولر کارکردگی اچھی نہیں رہی

ابتدا سے ہی خود کو بولنگ آل راؤنڈر سمجھتا ہوں، گذشتہ کچھ عرصہ میں بیٹنگ تو بہتر کی مگر بطور بولر میری کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے،اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولنگ کوچ سعیداجمل ایک لیجنڈ ہیں، ان سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، سینئر لیگ اسپنر فواد احمد کی رہنمائی بھی حاصل ہوتی ہے۔

انجریز کی وجہ سے ایک مشکل سال گزارا،اب فٹنس بہترہے

شاداب خان نے کہا ہے کہ انجریز کی وجہ سے ایک مشکل سال گزارا، انہوں نے کہا کہ اس دوران پاکستان ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہوا لیکن فٹنس مسائل بھی پیش آتے رہے،اب صورتحال کافی بہتر ہے،میں نے اچھے سیشنز کیے، اب قرنطینہ کے دوران کمرے میں بھی بھرپور ٹریننگ کر رہا ہوں،  اپنی غلطیوں اور ناکامیوں سے سیکھنے کی کوشش کروں گا۔