news
English

حیدرآبادی بریانی کھاکھا کے لڑکے سست ہوگئے ہیں، شاداب خان

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف دونوں وارم اپ میچوں میں مین ان گرین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

حیدرآبادی بریانی کھاکھا کے لڑکے سست ہوگئے ہیں، شاداب خان

پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے  ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کے دوران خراب فیلڈنگ کے لیے ازراہِ مذاق 'حیدرآبادی بریانی' اور مزیدار پکوانوں کو ذمے دار قرار دے دیا۔ 
گذشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے وارم اپ میچ کے لیے کپتان بنائے گئے آل رائونڈر شاداب خان نے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم حیدرآباد میں اپنے بہترین وقت سے لطف اندوز ہورہی ہے۔ 
انہوں نے بات چیت کے دوران اب تک کھیلے گئے پاکستان کے دونوں وارم اپ میچز پر اظہارِ خیال کیا اور کھیل کے مثبت پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نتیجہ اہم نہیں ہے، ہم نے بہت ساری مثبت چیزیں سیکھی ہیں، ہمارا رویہ اچھا تھا مگر نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، جب آپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہیں تو آپ کو اعتماد ملتا ہے، ہمیں بھی زمینی حالات کا تھوڑا سا تجربہ ملا ہے۔ 
ساتھ ہی جب ان سے حیدرآباد کی مشہورِ زمانہ بریانی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ہم روز حیدر آبادی بریانی اور مزیدار بھارتی کھانے کھارہے ہیں، شاید اسی لیے گرائونڈ میں لڑکے تھوڑی سستی کا شکار نظر آرہے ہیں۔ 
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والا اپنا دوسرا وارم اپ میچ 14 رنز سے ہار گئی کیونکہ قومی ٹیم 352 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی، پاکستان کو پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف جمعہ یعنی 6 اکتوبر کو کھیلے گا۔