news
English

پی ایس ایل 6؛ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عمدہ کارکردگی کیلیے پْرعزم

شاداب خان نے کہا کہ ہماری ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے

پی ایس ایل 6؛ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عمدہ کارکردگی کیلیے پْرعزم فوٹو: پی سی بی

دو مرتبہ پی ایس ایل کی چیمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے سیزن 6 میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہرکردیا۔

اقرا یونیورسٹی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہماری ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، 2 سال سے کارکردگی بہتر نہیں رہی لیکن اب کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل پیش کریں، سابقہ سیزن میں کافی چیلنجز کا سامنا رہا تھا، بیٹنگ کے شعبے میں کارکردگی تو بہتر تاہم بولنگ میں غلطیاں ہوئیں، اب اگلے سیزن کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا، کوشش ہوگی کہ پرانی غلطیاں کو نہ دہرائیں۔

انھوں نے کہا کہ میں 2 برس سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کررہا ہوں، کپتان بننا ایک خواب ہوتا ہے جو پورا ہوگیا۔

شاداب خان نے کہا کہ حسن علی کی شمولیت سے اسکواڈ مضبوط ہوگیا، ڈرافٹ میں مطلوبہ کھلاڑیوں کا ملنا ہمارے لیے سود مند رہے گا، انہوں نے کہا کہ کرکٹ مقابلوں میں تماشائی موجود نہ ہوں تو کھیلنے کا مزہ نہیں آتا، پی ایس ایل میں 20فیصد تماشائیوں کے لیے اسٹیڈیمز کے دروازے کھولنا خوش آئند ہے۔

انھوں نے کہا کہ میری فٹنس میں بتدریج بہتری آگئی، اچھے کھیل کیلیے پْرعزم ہوں۔