شاہین آفریدی کا طرز عمل بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کے انتخاب کو متاثر کر سکتا ہے۔
قومی ٹیم کے کوچز کے ساتھ مبینہ جھگڑے اور نازیبا رویے کی خبروں کے انکشاف کے بعد شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر مبہم پیغام پوسٹ کردیا۔ قومی پیسر کا طرز عمل بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کے انتخاب کو متاثر کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کوچز کے ساتھ جھگڑے کی خبروں اور نازیبا رویہ اختیار کرنے کے انکشاف کے بعد شاہین آفریدی نے مبہم پیغام پوسٹ کردیا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باولر شاہین آفریدی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے عین قبل پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے دوران بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے ساتھ کشیدہ الفاظ کے تبادلے کے بعد سرخیوں میں ہیں۔ اس تنازع کے جواب میں شاہین آفریدی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک مہبم پیغام پوسٹ کیا ہے جس میں انگلینڈ میں ایک نیٹ سیشن کے دوران مصباح الحق کو بولنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا جہاں مصباح ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء میں شرکت کر رہے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے ویڈیو کا عنوان "مزید اوپر" اور ایگل ایموجی شیئر کیا۔ یہ واقعہ جس نے تنازع کو جنم دیا وہ ہیڈنگلے میں پریکٹس سیشن کے دوران پیش آیا۔ رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ شاہین آفریدی کے رویے کو کوچنگ سٹاف اور بورڈ حکام نے نامناسب سمجھا جس کی وجہ سے ان کے خلاف ممکنہ تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
قومی ٹیم کے پیسر اور بیٹنگ کوچ کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب محمد یوسف نے آفریدی کو بہت زیادہ نو بالز کرانے پر تنقید کا نشانہ بنایا تاہم آفریدی نے اس کا دھیمے لہجے میں جواب دیتے ہوئے کہا ابھی میں پریکٹس کررہا ہوں اور وہ پریکٹس میں خلل ڈالنے سے گریز کریں، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ اس کے بعد ٹیم انتظامیہ کی جانب سے شاہین آفریدی کی سرزنش کی گئی اور بعد میں ٹیم کے سامنے محمد یوسف سے معافی مانگی گئی جس سے معاملہ طے پا گیا۔
تاہم ذرائع کا خیال ہے کہ شاہین آفریدی کے طرز عمل سے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کے انتخاب پر اثر پڑ سکتا ہے اور امکان ہے کہ ان کے ساتھ ساتھ دیگر دو سے تین سینئر کھلاڑیوں کو بھی آرام دیا جائے۔