news
English

پی ایس ایل 9 آئندہ ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کے انتخاب میں اہم ہے، آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پی ایس ایل 9 کے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پی ایس ایل 9 آئندہ ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کے انتخاب میں اہم ہے، آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میری پسندیدہ ٹی ٹونٹی لیگ ہے، پی ایس ایل 9 کو آئندہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے قومی اسکواڈ کے انتخاب کے لیے اہم سمجھتا ہوں۔  
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پرجاری کردہ اپنے بیان میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد سے قبل پی ایس ایل 9 کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شاہد آفریدی کا خیال ہے کہ پی ایس ایل 9 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان کے قومی اسکواڈ کے انتخاب کے حوالے سے اہم ہوگا۔ سابق آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل ان کی پسندیدہ ٹی ٹونٹی لیگ ہے۔ 
واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 9 کے افتتاحی مقابلے میں آمنے سامنے ہونے کو ہیں۔ اسلام آباد نے دو بار 2016ء اور 2018ء میں ٹائٹل جیتا ہے جبکہ لاہور کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے اور 2022ء اور 2023ء میں شاندار جیت درج کرنے کے بعد مسلسل تیسرے ٹائٹل کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔
دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کے نئے سیزن کا آغاز دھوم دھام سے کرنا چاہیں گی۔ دونوں طرف سے متعدد معیاری کھلاڑیوں کے ساتھ لیگ کے دو پاور ہاؤسز کے درمیان ایک شاندار مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں فریق مجموعی طور پر 17 بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں اور اسلام آباد کو 9 جیت کے ساتھ معمولی برتری حاصل ہے۔ تاہم لاہور نے 2021 سے اسلام آباد پر غلبہ حاصل کر رکھا ہے کیونکہ اس نے ان کے درمیان ہونے والے پانچوں مقابلے جیتے ہیں۔