news
English

پاکستان کپ میں شرجیل خان کی شاندارسنچری، احمددانیال کی 5وکٹیں 

پاکستان کپ کے ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں لاہور وائٹس، ملتان، پشاور اور راولپنڈی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

پاکستان کپ میں شرجیل خان کی شاندارسنچری، احمددانیال کی 5وکٹیں 

ان میچز کی خاص بات شرجیل خان کی زبردست سنچری، احمد دانیال کی پانچ وکٹیں اور وکٹ کیپنگ میں عمیر مسعود کے پانچ کیچز پر مشتمل عمدہ کارکردگی تھی۔ 
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور وائٹس نے لاہور بلوز کو67 رنز سے ہرادیا۔ لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ کامران افضل نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ طیب طاہر نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے۔ وکٹ کیپر جنید علی نے ایک اسٹمپ آئوٹ کیا اور تین کیچ کیے۔ عثمان قادر، عمید آصف اور سلمان ارشاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ 
لاہور بلوز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 27 اوورز میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہاشم ابراہیم نے پانچ چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ احمد دانیال نے33 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ 
میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور نے کراچی وائٹس کو7 وکٹوں سے ہرادیا۔ پشاور نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی جو43.4 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دانش عزیز ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 53 اور شان مسعود چار چوکوں کی مدد سے42 رنز بناکر نمایاں رہے۔ محمد الیاس نے53 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عمران نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور نے 44.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ زین خان نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے56 رنز بنائے۔عادل امین چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57رنز اور نبی گل پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 114 رنز کا اضافہ ہوا۔ 
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں ملتان نے فیصل آباد کو4 وکٹوں سے شکست دی۔ ملتان نے ٹاس جیت کر فیصل آباد کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 42 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر214 رنز بنائے۔ فہیم اشرف نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے اورناٹ آؤٹ رہے۔ محمد سلیم نے پانچ چوکوں کی مدد سے53 رنز اسکور کیے۔ سراج الدین نے 39 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان نے شرجیل خان کی سنچری کی بدولت 39.2اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ شرجیل خان نے 69 گیندوں پر 100 رنز اسکور کیے جس میں 12چوکے اور 6چھکے شامل تھے۔ خرم شہزاد نے 53 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ 
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈی نے فاٹا کو16 رنز سے ہرادیا۔ فاٹا نے ٹاس جیتا اور پہلے راولپنڈی کو بیٹنگ کی دعوت دی جو 42.4 اوورز میں 170 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ تیمور خان 27رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اعزاز خان اور ثمین گل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فاٹا کی ٹیم 154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد فاروق نے 47 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر عمیر مسعود نے پانچ کیچ کیے۔ کاشف علی اور جہانداد خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔