شعیب ملک کی شاندار بلے بازی نے گیانا ایمازون واریئرز کو فائنل میچ جتوادیا
پاکستان کے سابق آل رائونڈر شعیب ملک کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے جاری ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شامل ہوگئے ہیں۔ ٹی 20 فارمیٹ میں 9000 رنز بنا کر شعیب ملک دنیا کے چوتھے بیٹسمین بن گئے ہیں جنہوں نے یہ سنگِ میل عبور کیا۔
شعیب ملک نے 9 ہزار رنز کا سنگِ میل سی پی ایل کے جاری مقابلوں میں گیانا ایمازون واریئرز کی طرف سے بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کے خلاف کھیلتے ہوئے عبور کیا۔
گیانا ایمازون واریئرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے 37 سالہ شعیب ملک نے 19 گیندوں پر 32 قیمتی رنز اسکور کئے۔ جس کے نتیجے میں گیانا ایمازون نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کو 30 رنز سے ہرادیا۔
شعیب ملک اپنے ٹی 20 کیریئر میں 356 میچز کھیل کر 9 ہزار 14 رنز اسکور کرچکے ہیں۔
ٹی 20 میں 9 ہزا رنز کا سنگِ میل عبور کرنے والے کھلاڑیوں میں سرِ فہرست ویسٹ انڈیز کے کرس گیئل ہیں جن کا اسکور 13 ہزار 51 رنز ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم ہیں جن کا اسکور 9 ہزار 922 رنز ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اس فہرست میں 9 ہزار 757 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
شعیب ملک، پاکستان اور سری لنکا کےدرمیان جاری ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔ جس کے باعث انہیں کیریبین پریمیئر لیگ کھیلنے کا اجازت نامہ مل چکا ہے۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے شعیب ملک ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔ تاہم ان کاکہنا ہے کہ وہ ٹی 20 کے اگلے برس ہونے والے ورلڈ کپ تک کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔