سری لنکن پلیئر پرابتھ جے سوریا کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کولمبو میں ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ میں آئی لینڈرز نے افغانستان کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آئی لینڈرز نے 56 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، پرابتھ جے سوریا کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پیر کے روز ٹیسٹ کے چوتھے روز افغانستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 199 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 296 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ابراہیم زدران نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 114 رنز بنائے، دیگر بیٹرز میں رحمت شاہ 54 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ناصر جمال 41 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے پرابتھ جے سوریا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، پہلی اننگز میں 241 رنز کی برتری کی بدولت سری لنکا کو جیت کے لیے صرف 56 رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا ، دیمتھ کرونارتنے نے 32 اور نشان مدوشکا نے 22 رنز بنائے۔