اجلاس کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم، کراچی میں نیشنل بینک اسٹیڈیم اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی فوری تزئین و آرائش کے ابتدائی ڈیزائن جامع پریزنٹیشن کے ذریعے چیئرمین کو پیش کیے گئے۔
ملک کے تین بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ چیئرمین پی سی بی کو پیش کر دیا گیا۔ جسے منظور کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل 3 بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نیسپاک حکام نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو تینوں اسٹیڈیمز کے اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر پی سی بی، جنرل منیجر نیسپاک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی، قذافی سٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو پیش کیے گئے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی سی بی حکام کے ساتھ ابتدائی ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیا اور تینوں اسٹیڈیمزمیں شائقین کرکٹ کے لئے سہولتوں کی بہتری کی غرض سے نیسپاک حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اپ گریڈیشن کا حتمی پلان جلد تیارکرکے پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اورراولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہولتوں کو ہر ممکن حد تک بہتر بنایا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سہولتوں کی بہتری کے ساتھ میچ ویو کو بہتر بنانے کا پلان بھی تیار کیا جائے۔
محسن نقوی نے باکسز میں اضافے اورنشستوں کو آرام دہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔
چیئرمین بورڈ نے کہا کہ پاکستان میں کھیلی جانے والے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے قبل قذافی سٹیڈیم سمیت دیگر اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی کی جانب سے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیئے جانے کے بعد متعلقہ ڈیپارٹمنمٹس نے کمپیوٹرائزڈ ڈیزائننگ کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔