احسان اللہ کو ابتدائی طور پر اوول انوینسیبلز نے سائن کیا تھا، تاہم بدقسمتی سے انجری کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گے۔
دی ہنڈریڈ لیگ سے پاکستانی فاسٹ بولر احسان اللہ کو انجری کے باعث فی الوقت باہر کردیا گیا ہے جبکہ عماد وسیم ٹرینٹ راکٹس کے لیے کھیلیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور مایہ ناز بلے باز رضوان کو ڈرافٹنگ میں کسی ٹیم نے پِک نہیں کیا تھا۔
انگلش لیگ دی ہنڈریڈ میں 6 پاکستانی کھلاڑی کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
پاکستان کی جانب سے انگلش لیگ میں سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیک ہسی کی ٹیم ویلش فائر کی طرف سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف اِن ایکشن ہوں گے جبکہ اسامہ میر اور زمان خان مانچسٹر اوریجنلز اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
آل راؤنڈر شاداب خان برمنگھم فینکس اور نوجوان پیسر احسان اللہ اوول انوینسیبلز کی نمائندگی کریں گے۔ تاہم احسان اللہ کو انجری کے باعث آرام دیا گیا ہے، امکان ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچز میں شامل نہیں ہوسکیں گے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیک ہسی کی 2 سال بعد دوبارہ دی ہنڈریڈ لیگ کی معروف فرنچائز ویلش فائر میں واپسی ہوئی ہے، انہوں نے مارچ میں ہونے والی ڈرافٹنگ میں حصہ لیا اور دو پاکستانی فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی کو ایک لاکھ یورو یعنی (2 کروڑ 76 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) جبکہ حارث رؤف کو 60،000 پاؤنڈ یعنی (22 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) کی ریزرو قیمت پر منتخب کیا تھا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے ہوگا جس کے افتتاحی میچ میں سدرن بریوز اور ٹرینٹ راکٹس کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ 4 ہفتے تک جاری رہنے والے اس زبردست ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 27 اگست کو لارڈز میں منعقد ہوگا، 2022 میں دی ہنڈریڈ کے دوسرے ایڈیشن کو نصف ملین سے زیادہ لوگوں نے دیکھا تھا۔