news
English

بھارتی کرکٹرز کے قتل کی دھمکیاں دینے والا شخص گرفتار

گرفتار شخص نے بھارت کی کرکٹ کے لیے بنائی گئی گورننگ باڈی کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی

بھارتی کرکٹرز کے قتل کی دھمکیاں دینے والا شخص گرفتار PHOTO: AFP

بھارتی کرکٹرز کے قتل کی دھمکیاں دینے والا شخص گرفتار۔

ڈیلی پائنیر نامی ویب سائٹ کے مطابق گرفتار کئے گئے شخص کا تعلق آسام سے ہے جسے مہاراشٹر پولیس کے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ نے حراست میں لیا۔ اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو ایک دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی۔ 

ویب سائٹ کے مطابق گرفتار کئے گئے شخص کا نام بی راجا موہن داس ہے۔ جس نے 16 اگست کو بھیجی گئی ای میل میں بھارت کے قومی کرکٹرز کے قتل کی دھمکی دی تھی۔

حکام کے مطابق موہن داس کو اس آئی پی ایڈریس کی مدد سے گرفتار کیا گیا جس سے دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی تھی۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ موہن داس اس سے پہلے بھی کئی ممالک کے کرکٹرز کو دھمکی آمیز ای میلز بھیج چکاہے۔

چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی ایسی ہی ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں ویسٹ انڈیز میں بھارتی کھلاڑیوں پر حملہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ 
پی سی بی اس ای میل کے متعلق معلومات آئی سی سی کو ارسال کرچکا ہے۔